امریکی لڑاکا طیارہ ایران میں گر کر تباہ، ایک پائلٹ کو بچا لیا گیا: رپورٹس
امریکی لڑاکا طیارہ ایران میں گر کر تباہ، ایک پائلٹ کو بچا لیا گیا: رپورٹس
جمعہ 3 اپریل 2026 18:23
وائٹ ہاؤس یا پینٹاگون کی جانب سے تبصرے کی درخواستوں پر فوری طور پر کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔ (فائل فوٹو: روئٹرز)
ایک امریکی اہلکار نے جمعے کو برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کو تصدیق کی کہ ایک امریکی جنگی طیارہ ایران کے اوپر گر کر تباہ ہو گیا ہے، تاہم امریکی افواج نے عملے کے ایک رکن کو بچا لیا ہے۔ دوسری جانب ایرانی میڈیا نے طیارے کے ملبے کی فوٹیج نشر کی۔
ایکسیوس اور سی بی ایس نیوز نے ذرائع کے حوالے سے، اس سے قبل رپورٹ کیا تھا کہ عملے کے دوسرے رکن کی تلاش جاری ہے۔
دی نیویارک ٹائمز اور وال سٹریٹ جرنل کے مطابق یہ لڑاکا طیارہ ایف-15 ای تھا، جس میں ایک پائلٹ اور پچھلی نشست پر اسلحے کے نظام کا افسر موجود ہوتا ہے۔
سی این این نے بھی کہا کہ ایرانی میڈیا کی جانب سے جاری کردہ ملبے کی تصاویر کے تجزیے سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ ایف-15 طیارہ تھا، نہ کہ ایف-35 سٹیلتھ فائٹر، جیسا کہ بعض ایرانی رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا تھا۔
امریکی میڈیا کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو اس صورت حال پر بریفنگ دی گئی ہے۔
تاہم وائٹ ہاؤس یا پینٹاگون کی جانب سے تبصرے کی درخواستوں پر فوری طور پر کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔
امریکی میڈیا کے مطابق خصوصی امریکی افواج کی جانب سے سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن جاری ہے، جو کہ اس وقت کے بعد پہلا معلوم واقعہ ہو گا جب صدر ٹرمپ کے حکم پر جنگ شروع ہونے کے بعد ایران کے اندر کسی جیٹ طیارے کا نقصان ہوا ہو۔
سوشل میڈیا اور ایرانی خبر رساں اداروں پر گردش کرنے والی تصاویر اور ویڈیوز کا حوالہ دیتے ہوئے بڑے امریکی میڈیا اداروں نے بتایا کہ ان میں امریکی ہیلی کاپٹروں اور دیگر طیاروں کو کم بلندی پر اس مقام کے اوپر پرواز کرتے دکھایا گیا ہے جہاں مبینہ طور پر لڑاکا طیارہ گرا۔
ایران کی خبر رساں ایجنسی فارس نیوز ایجنسی نے کہا کہ ’ایرانی فورسز نے اس امریکی فائٹر پائلٹ کی تلاش کے لیے آپریشن شروع کر دیا ہے جسے آج نشانہ بنایا گیا تھا۔‘
سرکاری مقامی چینل پر ایک ایرانی ٹی وی رپورٹر نے کہا کہ ’صوبہ کهگیلویہ و بویراحمد کے معزز عوام سے گزارش ہے کہ اگر آپ دشمن کے پائلٹ یا پائلٹس کو زندہ گرفتار کریں اور انہیں پولیس اور فوجی حکام کے حوالے کریں تو آپ کو قیمتی انعام اور بونس دیا جائے گا۔‘
یہ جنگ ایک ماہ سے زائد عرصہ قبل امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر حملوں سے شروع ہوئی تھی۔ (فوٹو: اے ایف پی)
اس طیارے کے گرنے کی خبر ایسے وقت میں سامنے آئی جب اسرائیل، ایران اور خلیجی ممالک میں تازہ حملے کیے گئے۔ ایک اے ایف پی کے صحافی نے بتایا کہ جمعے کی دوپہر شمالی تہران میں زور دار دھماکے سنے گئے۔ تاہم فوری طور پر یہ واضح نہیں ہو سکا کہ کس مقام کو نشانہ بنایا گیا۔
اس سے قبل اسرائیلی فوج نے ایران کی جانب سے نئے میزائل حملوں کی اطلاع دی، جس کے بعد اس کے فضائی دفاعی نظام کو فعال کر دیا گیا۔
یہ جنگ ایک ماہ سے زائد عرصہ قبل امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر حملوں سے شروع ہوئی تھی، جس کے جواب میں کارروائیوں نے پورے مشرق وسطیٰ میں تنازع کو پھیلا دیا، عالمی معیشت کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا اور دنیا بھر میں لاکھوں افراد کو متاثر کیا۔