ایران میں گرنے والے امریکی ایف-15 طیارے کے دوسرے پائلٹ کو بچا لیا گیا: امریکی حکام
تہران کا دعویٰ تھا کہ اس نے اپنے فضائی دفاعی نظام کے ذریعے اس طیارے کو نشانہ بنایا ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
امریکہ کا کہنا ہے کہ اس نے ایران کے اندر گر کر تباہ ہونے والے اپنے ایف-15 جنگی طیارے کے دوسرے پائلٹ کو ایک کامیاب ریسکیو آپریشن کے ذریعے بچا لیا ہے۔
خبر رساں ادارے روئٹرز نے دو امریکی حکام کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ سنیچر کو رات گئے اس ایئرمین کو ریکور کر لیا گیا ہے۔
تاہم حکام نے اس حساس آپریشن کی مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں اور نہ ہی ابھی تک پینٹاگون کی جانب سے اس پر کوئی باضابطہ تبصرہ سامنے آیا ہے۔
یاد رہے کہ یہ ایف-15 جنگی طیارہ جمعے کو ایران کے اندر گر کر تباہ ہوا تھا۔
تہران کا دعویٰ تھا کہ اس نے اپنے فضائی دفاعی نظام کے ذریعے اس طیارے کو نشانہ بنایا ہے۔
طیارے کے دو رکنی عملے میں سے ایک رکن کو جمعے ہی کو ریسکیو کر لیا گیا تھا جس کے بعد دوسرے پائلٹ کی تلاش کے لیے امریکی اور ایرانی افواج کے درمیان ایک طرح کی ’دوڑ‘ لگی ہوئی تھی۔
’یہ جنگ ہے‘
وائٹ ہاؤس کی پریس سیکرٹری کیرولین لیویٹ نے تصدیق کی ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو اس واقعے کی مکمل بریفنگ دے دی گئی ہے۔
دوسری جانب صدر ٹرمپ نے این بی سی سے گفتگو کرتے ہوئے واضح کیا کہ اس طیارے کی تباہی سے ایران کے ساتھ جاری کسی بھی قسم کے مذاکرات متاثر نہیں ہوں گے۔
ان کا کہنا تھا ’نہیں، بالکل نہیں۔ یہ جنگ ہے (اور جنگ میں ایسا ہوتا ہے)۔‘
ایران کا ایک اور طیارہ گرانے کا دعویٰ
ایران کی جانب سے یہ دعویٰ بھی سامنے آیا ہے کہ اس نے خلیج کے علاقے میں امریکہ کا ایک اور زمینی حملوں کے لیے مشہور طیارہ ’اے-10‘ بھی مار گرایا ہے۔
امریکی میڈیا کے مطابق اس طیارے کے پائلٹ کو بھی ریسکیو کر لیا گیا ہے۔
دوسری جانب ایران کی نیم سرکاری خبر رساں ایجنسی ’ایسنا‘ کے مطابق صوبہ کہگیلویہ و بویراحمد کے گورنر نے اعلان کیا تھا کہ جو کوئی بھی امریکی عملے کو گرفتار یا ہلاک کرے گا، اسے ’خصوصی اعزاز‘ سے نوازا جائے گا۔
