نئے فضائی دفاعی نظام کے ذریعے امریکی جنگی جہاز کو نشانہ بنایا: ایران
مشترکہ فوجی کمانڈ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ’ایران یقیناً اپنی فضائی حدود پر مکمل کنٹرول حاصل کر لے گا‘ (فائل فوٹو: روئٹرز)
ایران نے کہا ہے کہ اس نے جمعے کو ایک نئے فضائی دفاعی نظام کے ذریعے امریکہ کے ایک جنگی جہاز کو نشانہ بنایا۔ یہ بیان ایرانی فوج کے ہیڈکوارٹر خاتم الانبیاء کی طرف سے سنیچر کو جاری کیا گیا۔
برطانوی خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق مشترکہ فوجی کمانڈ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ’ایران یقیناً اپنی فضائی حدود پر مکمل کنٹرول حاصل کر لے گا۔‘
یاد رہے کہ ایک امریکی اہلکار نے جمعے کو برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز سے بات کرتے ہوئے تصدیق کی تھی کہ ایک امریکی جنگی طیارہ ایران کے اوپر گر کر تباہ ہو گیا ہے۔
تاہم امریکی افواج نے عملے کے ایک رکن کو بچا لیا جبکہ دوسرے کی تلاش جاری تھی۔ دوسری جانب ایرانی میڈیا نے طیارے کے ملبے کی فوٹیج بھی نشر کی۔
امریکی میڈیا کے مطابق تباہ ہونے والا لڑاکا طیارہ ایف-15 ای تھا، جس میں ایک پائلٹ اور پچھلی نشست پر اسلحے کے نظام کا افسر موجود ہوتا ہے۔
سوشل میڈیا اور ایرانی خبر رساں اداروں پر گردش کرنے والی تصاویر اور ویڈیوز کا حوالہ دیتے ہوئے بڑے امریکی میڈیا اداروں نے بتایا کہ ان میں امریکی ہیلی کاپٹروں اور دیگر طیاروں کو کم بلندی پر اس مقام کے اوپر پرواز کرتے دکھایا گیا ہے جہاں مبینہ طور پر لڑاکا طیارہ گرا۔
ایران کی خبر رساں ایجنسی فارس نیوز ایجنسی نے کہا کہ ’ایرانی فورسز نے اس امریکی فائٹر پائلٹ کی تلاش کے لیے آپریشن شروع کر دیا ہے جسے نشانہ بنایا گیا تھا۔‘
