Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فن لینڈ دنیا کا خوش ترین ملک کیوں؟ حیران کن راز سامنے آ گیا

فن لینڈ کی قومی ایئرلائن فِن ایئر نے بھی ملک کو دنیا سے جوڑنے میں اہم کردار ادا کیا ہے (فائل فوٹو: سپلیش)
دنیا کا خوش ترین ملک فن لینڈ آخر اتنا خوش کیوں ہے؟ اس سوال کا جواب جاننے کے لیے ایک ٹیم نے پانچ ہزار 200 کلومیٹر کا سفر کیا اور جو حقیقت سامنے آئی وہ نہایت دلچسپ تھی۔
عام طور پر لوگ سمجھتے ہیں کہ فن لینڈ میں نظر آنے والی خوبصورت روشنیوں، یعنی شمالی روشنیاں (اورورا بوریالِس)، ہی خوشی کی بڑی وجہ ہیں۔
’این ڈی ٹی وی‘ کے مطابق حیرت کی بات یہ ہے کہ فن لینڈ کے لوگ اس سے بھی زیادہ اہم چیز کو اپنی خوشی کا راز مانتے ہیں اور وہ ہے ’کہوی‘ یعنی کافی۔

خوشی کا آسان نسخہ

فن لینڈ دنیا میں سب سے زیادہ کافی پینے والا ملک ہے۔
یہاں ہر شخص سالانہ اوسطاً 12 کلو کافی استعمال کرتا ہے۔ یعنی وہاں کا ہر شہری روزانہ تقریباً چار سے پانچ کپ کافی پیتا ہے۔
کافی یہاں صرف ایک مشروب نہیں بلکہ زندگی کا حصہ ہے۔ یہاں کافی بریک کو ’کہوی تاؤکو‘ کہا جاتا ہے جو روزمرہ معمول کا لازمی حصہ ہے۔
تہواروں کے علاوہ خوشی کے دنوں یعنی برتھ ڈیز اور شادی کی تقریبات کے مواقع پر بھی کافی ضرور پیش کی جاتی ہے۔ حتیٰ کہ الیکشن کے بعد بھی ’والی کہوی‘ یعنی انتخابی کافی کا اہتمام کیا جاتا ہے۔

فطرت، تازہ ہوا اور سکون

فن لینڈ کے دارالحکومت ہیلسنکی کے قریب واقع نوکسیو نیشنل پارک میں لوگوں کو فطرت کے قریب وقت گزارنا پسند ہے۔
یہاں ’ہاپی ہیپلی‘ یعنی تیز قدموں سے چہل قدمی اور تازہ ہوا میں سانس لینا روزمرہ کا حصہ ہے، جس کے بعد کافی پینا ایک خوشگوار روایت بن جاتی ہے۔

چار صدیاں پرانی روایت

فن لینڈ میں کافی کا استعمال 17ویں صدی میں شروع ہوا جب یہ سویڈن اور روس کے ذریعے یہاں پہنچی۔ ابتدا میں یہ امیروں کا مشروب تھا لیکن جلد ہی عام لوگوں میں بھی مقبول ہو گئی۔
سنہ 1919 میں جب شراب پر پابندی لگائی گئی تو کافی نے اس کی جگہ لے لی اور مزید اہم ہو گئی۔


دفاتر میں ملازمین کے لیے دن میں دو بار 15 منٹ کی کافی بریک لازمی ہوتی ہے (فائل فوٹو: سپلیش)

خوشی کے دیگر راز

کافی کے ساتھ ساتھ فن لینڈ کی خوشی کے پیچھے مضبوط فلاحی نظام، معاشرتی اعتماد، بہترین ورک لائف بیلنس اور فطرت تک آسان رسائی بھی اہم عوامل ہیں۔
دفاتر میں ملازمین کے لیے دن میں دو بار 15 منٹ کی کافی بریک لازمی ہوتی ہے جو دنیا میں ایک منفرد مثال ہے۔

’سیسو‘

فن لینڈ کی خوشی کی جڑ ایک خاص تصور ’سیسو‘ میں بھی ہے، جو صبر، ہمت اور مستقل مزاجی کو ظاہر کرتا ہے۔
یہی جذبہ مشکل حالات میں بھی لوگوں کو مضبوط رکھتا ہے۔

فضائی کمپنی کا کردار

فن لینڈ کی قومی ایئرلائن فِن ایئر نے بھی ملک کو دنیا سے جوڑنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ روس یوکرین جنگ اور وبا کے باوجود اس نے نئے راستے تلاش کیے اور اپنی سروس کو بہتر بنایا۔
مختصر یہ کہ فن لینڈ کی خوشی کسی ایک چیز کی مرہونِ منت نہیں بلکہ ایک مکمل طرزِ زندگی کا نتیجہ ہے جہاں کافی، فطرت، نظم و ضبط اور سادہ خوشیاں مل کر ایک پرسکون اور مطمئن معاشرہ تشکیل دیتی ہیں۔

شیئر: