العلا میں اعلٰی درجے کے زعفران کی کاشت، زمین اور ماحول ’انتہائی موزوں‘
جمعرات 9 اپریل 2026 10:43
العلا گورنریٹ میں زعفران کی کاشت کے تجربات تیزی سے بڑھ رہے ہیں اور اُن کوششوں کا حصہ ہیں جن کے ذریعے فصلوں میں تنوع کو بڑھانا اور انھیں علاقے کے منفرد ماحول سے حاصل ہونے والے فوائد کے لیے حصولِ مقصد کا ذریعہ بنانا ہے۔ اِس سے گورنریٹ کے زرعی نظام میں اعلٰی قسم کی پروڈکٹس کو متعارف کرانے اور ان کی پائیداری بڑھانے میں مدد ملتی ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق پائیدار زراعت کے لیے قومی تحقیق اور ترقی کے مرکز ’استدامہ‘ کی زیرِ نگرانی مملکت میں زعفران کو مقامی بنانے کے منصوبے کے تحت بہترین قسم کا سعودی زعفران پیدا کیا جا رہا ہے جو آئی ایس او 3632 معیار کے عین مطابق بھی ہے۔
العلا سمیت کئی مقامات پر کھیتوں پر کیے جانے والے سائنسی اور فیلڈ تجربات سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہاں کی زمین اور ماحول اعلٰی درجے کے زعفران کی کامیاب کاشت کے لیے انتہائی موزوں ہیں۔
اس منصوبے میں تعاون کے ایک مربوط نظام پر انحصار کیا گیا ہے جس میں تکنیکی رہنمائی، مشاورتی خدمات، تربیت اور فیلڈ کی نگرانی پر زور دیا گیا ہے۔ پیداوار کے ہر مرحلے پر جس میں زمین کی تیاری، فصلوں کا بندوبست، کاشت اور پروسیسنگ شامل ہے، کاشتکاروں کو سپیشلائزڈ پروگراموں سے لیس کیا گیا جس سے کارکردگی اور پروڈکٹ کی کوالٹی کو بہتر بنانے میں مدد ملی۔
کاشکار عافت العنزی کے مطابق جامع سپورٹ کی وجہ سے اُن کے تجربے میں بہت اضافہ ہوا ہے اور فصل اور پیداوار کی کوالٹی میں واضح طور نظر آنے والی بہتری پائی گئی ہے۔
وہ کہتے ہیں کہ اس طریقِ کار سے یہ واضح ہو جاتا ہے کہ زرعی امور کو اعلٰی درجے پر لے جانے کے لیے سپیشل سپورٹ کے عمل کو دہراتے رہنا بہت ضروری ہے۔

انھوں نے کاشکاروں پر زور دیا ہے کہ وہ بھی ایسے ہی پروگراموں سے فائدہ اٹھائیں اور اپنی فصلوں کو متنوع بنائیں کیونکہ اس سے معاشی فوائد بڑھتے ہیں اور قومی معیشت کی نمو میں بھی اضافہ ہوتا ہے۔