Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وزیراعظم کا ڈیزل کی قیمت میں 135 روپے فی لیٹر بڑی کمی کا اعلان

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں  کمی کا پورا فائدہ عوام تک پہنچانا ان کی ذمہ داری ہے۔ (فوٹو: روئٹرز)
وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کا اعلان کر دیا ہے، جس کے تحت ڈیزل کی قیمت میں 135 روپے فی لیٹر جبکہ پیٹرول کی قیمت میں 12 روپے فی لیٹر کمی کی گئی ہے۔
جمعہ کی رات قوم سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ گندم کی کٹائی کا سیزن شروع ہونے والا ہے اور اس دوران تھریشنگ کے لیے ڈیزل کا استعمال زیادہ ہوتا ہے، اسی لیے حکومت نے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے یہ فیصلہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے اپنے وسائل میں بچت کرتے ہوئے ڈیزل کی قیمت میں کمی ممکن بنائی، جبکہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں بھی کمی دیکھنے میں آئی ہے۔ شہباز شریف نے کہا کہ تیل کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کے بعد حکومت نے اپنے وسائل سے عوام کو ریلیف دینے کے لیے 129 ارب روپے خرچ کیے۔ ’مجھے تجویز دی گئی کہ عالمی منڈی میں قیمتوں میں جو کمی ہوئی ہے اسے پوری طرح عوام تک نہ پہنچایا جائے اور کچھ حصہ روک کر اس 129 ارب روپے کی ریکوری کی جائے۔ میں نے وہ تجویز فلفور مسترد کر دی اور کمی کا فائدہ مکمل طور پر عوام تک پہنچانے کا فیصلہ کیا۔‘
 قیمت میں کمی کے بعد ڈیزل کی قیمت 520.35 روپے فی لیٹر سے کم ہو کر 385.54 ہوگئی ہے۔ جبکہ ڈیزل کی قیمت 378.41 روپے فی لیٹر سے کم ہو کر 366.58 روپے فی لیٹر ہوگئی ہے۔
نئی قیمتوں کا اطلاق جمعے کی رات کو 12 بجے کے بعد سے ہوگا۔
خطاب کے دوران شہباز شریف نے خطے کی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی کوششوں سے خلیج میں کشیدگی میں کمی آئی ہے اور اب جنگ کے بجائے امن کی باتیں ہو رہی ہیں۔ ان کے مطابق متعلقہ فریقین مذاکرات کے ذریعے مسائل حل کرنے پر آمادہ ہو گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی اپیل پر امریکہ اور ایرانی قیادت جنگ بندی پر راضی ہوئی۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستان نے فریقین کو جنگ بندی پر راضی کیا اور اب دونوں ممالک کی قیادت پاکستان کی دعوت پر اسلام آباد آ رہی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ دونوں ممالک کے رہنما کل اسلام آباد میں موجود ہوں گے۔
انہوں نے قوم سے اپیل کی کہ وہ مذاکرات کی کامیابی کے لیے دعا کریں۔

شیئر: