کراچی: ’روڈ ٹو مکہ‘ پراجیکٹ کے تحت اعلیٰ سطح کا سعودی وفد پاکستان پہنچ گیا
جمعرات 16 اپریل 2026 15:46
یہ منصوبہ دونوں برادر ممالک کے درمیان مضبوط تعاون کا عکاس ہے (فوٹو: اردو نیوز)
پاکستان اور سعودی عرب کے مابین حج انتظامات کو مزید سہل بنانے کے لیے ’روڈ ٹو مکہ‘ منصوبے کے تحت ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے اور قریباً 40 ارکان پر مشتمل ایک اعلیٰ سطح کا سعودی وفد کراچی پہنچ گیا۔
وزارت حج کے مطابق اس وفد کا استقبال 16 اپریل 2026 کی صبح گیارہ بجے ڈپٹی ڈائریکٹر حج کراچی پیر رشید احمد شاہ راشدی اور ان کی ٹیم نے کیا جبکہ اس موقع پر سعودی ڈپٹی قونصل جنرل عبدالرحمان سعد جمعہ بھی موجود تھے۔
اس دورے کا بنیادی مقصد حج کے انتظامات کے حوالے سے باہمی تعاون اور ہم آہنگی کو مزید مستحکم کرنا ہے۔
اس خصوصی اقدام کے تحت حج 2026 کے لیے کراچی سے روانہ ہونے والے پاکستانی عازمین کو یہ سہولت میسر ہوگی کہ ان کی سعودی امیگریشن سے متعلق تمام ضابطے کی کارروائی روانگی کے وقت کراچی ایئرپورٹ پر ہی مکمل کر لی جائے گی۔
اس کے نتیجے میں عازمین کا سفر نہ صرف آسان ہو گا بلکہ وہ سعودی عرب پہنچنے پر طویل انتظار کی زحمت سے بھی بچ سکیں گے۔
یہ منصوبہ دونوں برادر ممالک کے درمیان مضبوط تعاون کا عکاس ہے جس کا مقصد عازمینِ حج کے لیے ایک پروقار اور بلاتعطل سفر کو یقینی بنانا ہے۔
