Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریاض میں پھولوں کا باغ ’بولیواڈ فلاورز‘ عوام کے لیے کھول دیا گیا

ریاض کے بولیواڈ ورلڈ کے سامنے دنیا کے سب سے بڑے پھولوں کے باغات میں سے ایک کا افتتاح کر دیا گیا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق بولیواڈ فلاورز 2 لاکھ 14 ہزار مربع میٹرز پر پھیلا ہوا ہے جس میں لاکھوں کی تعداد میں پھولوں کی نمائش کی گئی ہے۔
اس میں پھولوں کی 100 سے زائد اقسام ہیں اور 50 سے زائد مختلف رنگوں کے پودے شامل ہیں جو 8500 میٹر پر پھیلے ہوئے ہیں۔
مرکزی باغ 94 ہزار مربع میٹر پر پھیلا ہوا ہے جس میں نیچر، آرٹ اور انٹرٹینمنٹ کے تینوں عناصر شامل ہیں جبکہ یہاں اعلیٰ کوالٹی کے ساؤنڈ سسٹم اور لائٹننگ بھی موجود ہے جو شام کے بعد سیاحوں کو منفرد ماحول فراہم کرتی ہے۔
جنرل انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کے چیئرمین ترکی آل الشیخ کی ٹویٹ کے مطابق یہاں 200 سے زائد مجسمے بھی موجود ہیں جبکہ یہاں بڑے جہازوں کے ماڈلز بھی رکھے گئے ہیں جنہیں خوبصورت پھولوں کے ہاروں سے سجایا گیا ہے۔
اس میں کچھ ای ایریاز بھی ہیں جہاں فیس دے کر رسائی حاصل کی جاتی ہے۔ ان ای ایریاز میں کڈز ایریا ہے جس کی فیس 55 ریال ہے جبکہ پیٹ برڈز ایریا کی فیس 69 ریال ہے۔

مرکزی باغ 94 ہزار مربع میٹر پر پھیلا ہوا ہے (فوٹو: بولیواڈ فلاورز)

معذور افراد، 65 برس سے زیادہ عمر کے افراد اور تین سال سے کم عمر کے بچوں کے لیے مفت انٹری ہے۔
پیٹ برڈز ایریا میں نایاب اور شرارتی پرندوں کی کلیکشن موجود ہے جنہیں قریب سے دیکھا جا سکتا ہے اور تصاویر بنائی جا سکتی ہے جبکہ کڈز ایریا میں فیس پینٹنگ، ڈرائنگ، کلرنگ اور بچوں کے مقابلے شامل ہیں۔

پارک میں ریفریشمنٹ ایریاز بھی ہیں (فوٹو: بولیواڈ فلاورز)

اسی طرح 40 مختلف ریستوران اور کیفے بھی موجود ہیں جہاں کھانے اور ریفریشمنٹ کی سہولت سے لطف اندوز ہوا جا سکتا ہے۔
بولیواڈ فلاورز شہزادہ ترکی بن عبدالعزیز الاول روڈ پر بولیواڈ ورلڈ کے سامنے واقع ہے جسے روزانہ عوام کے لیے شام چار بجے سے رات 12 بجے تک کھول دیا جاتا ہے۔ اس کے لیے ٹکٹ وی بک کے ذریعے ایڈوانس لیا جاتا ہے۔

 

شیئر: