ینبع انڈسٹریل سٹی میں فلاور فیسٹیول، رنگ برنگے پھولوں کی بہار
فیسٹیول کا مقصد ماحولیاتی پائیداری کو فروغ دینا ہے (فوٹو: ایس پی اے)
’ینبع انڈسٹریل سٹی‘ میں فلاور فیسٹیول کا سولہواں ایڈیشن سیاحوں کے لیے انتہائی دلچسپی کا باعث بن گیا ہے۔
اس تہوار میں طرح طرح کی کمیونٹی تقاریب اور تخلیقی قومی انیشیٹیوز توجہ کا خاص مرکز ہیں جن سے معیار زندگی بہتر بنانے میں مدد ملتی ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق فیسٹیول کا مقصد ماحولیاتی پائیداری کو فروغ دینا، سرمایہ کاری اور ترقی کے نئے منصوبے پیدا کرنا اور مقامی اور بین الاقوامی آرٹس کو مختلف سرگرمیوں کے ذریعے لوگوں کے سامنے لانا شامل ہے۔ یہ فیسٹیول 23 اپریل تک جاری رہے گا۔
فیسٹیول کے اس سال کے ایڈیشن میں ایک رنگا رنگ پروگرام ترتیب دیا گیا ہے جو ہر عمر کے لوگوں کی دلچسپی کا باعث بن رہا ہے۔

فیسٹیول میں شریک ہونے والے مختلف انٹرایکٹیو اور تفریحی زونز سے لطف اندوز ہو سکتے ہیں جن میں پرندوں کا باغ، پھولوں کا گاؤں، بولیواڈ ایریا اور مصنوعی طور پر پھولوں کی جگہ کو روشن کیا گیا ہے۔
فیسٹیول کے منتظمین نے لوگوں کو آسانی کے ساتھ سائٹ پر پہنچانے کے لیے الیکٹرونک ٹکٹ اور شٹل سروسز کا بھی انتظام کر رکھا ہے۔

اس ایونٹ میں کمیونٹی کے لوگوں کی بھرپور شرکت اور رضا کاروں کی وجہ سے ٹریفک کا انتظام بھی آسان ہو گیا ہےJ جو پوری سرگرمیوں کے دوران فیسٹیول میں آنے والے مہمانوں کی رہنمائی کرتے رہتے ہیں۔
