Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اسرائیل اور لبنان کے درمیان جنگ بندی میں تین ہفتے کی توسیع کا اعلان

اسرائیلی اور لبنانی سفیروں کے درمیان ملاقات بہت اچھی رہی ہے (فوٹو: اے ایف پی)
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ’اسرائیل اور لبنان نے جمعرات کو وائٹ ہاوس میں ہونے والی بات چیت کے بعد جنگ بندی میں تین ہفتوں کی توسیع پر اتفاق کیا ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ’ امریکہ میں اسرائیلی اور لبنانی سفیروں کے درمیان ہونے والی ملاقات’ بہت اچھی‘ رہی ہے۔‘ یہ میٹنگ گزشتہ ہفتے کے بعد سے دونوں ملکوں کے درمیان ہونے والی دوسری اعلی سطح کی بات چیت تھی۔
ابتدائی دس روزہ جنگ بندی، جو گزشتہ جمعے سے نافذ ہوئی تھی، پیر کو ختم ہو نے والی تھی۔
 ٹروتھ سوشل پر پوسٹ میں لکھا’ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، نائب صدر جے ڈی وینس، وزیر خارجہ مارکو روبیو، اسرائیل میں سفیر مائیک ہکابی، لبنان میں سفیر میشل عیسی نے آج اوول آفس میں اسرائیل اور لبنان کے اعلی عہدیداروں سے ملاقات کی۔ میٹنگ بہت اچھی رہی۔‘
ڈونلڈ ٹرمپ نے لکھا’ امریکہ، لبنان کے ساتھ مل کر کام کرے گا تاکہ اسے خود کو حزب اللہ سے بچا نے میں مدد ملے۔ اسرائیل اور لبنان کے درمیان جنگ بندی تین ہفتے کے لیے بڑھائی جائے گی۔‘
’میں مستقبل قریب میں اسرائیل کے وزیر اعظم نیتن یاہو اور لبنان کے صدر جوزف کی میزبانی کا منتظر ہوں۔‘
انہوں نے مزید لکھا ’اس تاریخی اجلاس میں شرکت کرنا میرے لیے اعزاز تھا۔‘
اس سے قبل امریکہ کے ایک سرکاری عہدیدار نے کہا تھا کہ امریکہ جمعرات کو واشنگٹن میں لبنان اور اسرائیل کے درمیان مذاکرات کی میزبانی کرے گا۔ اس اقدام کا مقصد معاہدے کی حوصلہ افزائی ہے۔
 لبنان اور اسرائیل جن کے درمیان سفارتی تعلقات موجود نہیں ہیں، کے سفیر 14 اپریل کو بھی سٹیٹ ڈیپارٹمںٹ میں مل چکے ہیں جبکہ اس کے تین روز بعد صدر ٹرمپ نے اسرائیل اور ایران کے حمایت یافتہ گروپ حزب اللہ کے درمیان 10 روزہ جنگ بندی کا اعلان کیا تھا، جس نے ایران پر حملے کے بعد اسرائیل پر راکٹ فائر کیے تھے۔
اگرچہ اسرائیل اور لبنان کے درمیان جنگ بندی کا عمل جمعے کے روز ہوا لیکن اسرائیل کی فوج اب بھی وہاں موجود ہے اور جنوبی علاقے میں حزب اللہ کے کارکنوں کے خلاف سرگرم ہے۔
لبنان کے صدر جوزف عون نے پیر کے روز کہا تھا کہ مذاکرات کا مقصد لڑائی کو روکنا، جنوبی علاقوں پر اسرائیلی قبضے کو ختم کرانا اور فوج کو بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ جنوبی سرحدوں تک تعینات کرنا ہے۔

شیئر: