Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کرکٹ فینز کے لیے خوشخبری، پی ایس ایل فائنل سٹیڈیم میں جا کر دیکھنے کی اجازت

پی سی بی چیئرمین محسن نقوی نے ایک پوسٹ کے ذریعے شائقین کرکٹ کو خوشخبری سنائی (فوٹو: پی سی بی)
کرکٹ شائقین کے لیے خوشخبری سامنے آئی ہے کہ وہ پی ایس ایل 11 کا فائنل میچ سٹیڈیم کے اندر بیٹھ کر دیکھ سکیں گے۔
وفاقی وزیر داخلہ و چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے سنیچر کو ایکس پر ایک پوسٹ میں لکھا کہ ’پیارے فینز، وزیراعظم شہباز شریف نے شائقین کرکٹ کو سٹیڈیم جانے کی اجازت دے دی ہے جبکہ وہ خود بھی ایسا کرنا چاہتے تھے۔‘
انہوں نے مزید لکھا کہ ’وزیراعظم نے اس امر پر زور دیا کہ اس وقت پورے ملک میں کفایت شعاری مہم چل رہی ہے اور ایندھن کے استعمال کو کم سے کم رکھنے کی کوشش کی جا رہی ہے تاہم فرنچائز مالکان کی درخواست پر فائنل کے لیے اجازت دے دی ہے۔‘
ان کے مطابق ’میں اس فیصلے اور شائقین کو سہولت فراہم کرنے پر تہہ دل سے ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔‘
پاکستان سپر لیگ 11 کا فائنل تین مئی کو لاہور کھیلا جانا ہے۔
واضح رہے کہ اس بار پاکستان سپر لیگ ایک ایسے وقت میں شروع ہوئی جب خطے میں جنگی کیفیت تھی اور عالمی سطح پر تیل مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ سامنے آیا، جس سے پاکستان بھی متاثر ہوا اور یہاں بھی پیٹرول، ڈیزل اور دیگر توانائی کے ذرائع کی قیمتیں بڑھیں۔
اسی صورت حال کو دیکھتے ہوئے حکومت کی جانب سے کفایت شعاری مہم شروع کی گئی، جس کے تحت سکولوں کو ہفتے میں تین روز کی چھٹی دی گئی جبکہ کام کے دن بھی کم کیے گئے اور زیادہ تر ملازمین کو ’ورک فرام ہوم‘ پر شفٹ کیا گیا۔
اسی طرح پی ایس ایل کے میچوں کے حوالے سے بھی فیصلہ کیا گیا کہ تماشائی سٹیڈیم میں آنے کے بجائے ٹی وی پر میچ دیکھیں اور اس کا مقصد پیٹرول کی بچت تھی، باقی میچز کے دوران ایسا ہی ہوتا رہا رہا تاہم فائنل کے لیے اب خصوصی طور پر اجازت دے دی ہے۔
دوسری جانب کرکٹ کے شائقین نے اس اقدام کو سراہا ہے۔

شیئر: