پی ایس ایل: حیدرآباد کنگز مین نے راولپنڈیز کو ہرا کر پلے آف کے لیے کوالیفائی کر لیا، قلندرز باہر
اتوار 26 اپریل 2026 17:33
گلین میکسویل نے 37 گیندوں پر 70 رنز کی برق رفتار اننگز کھلی۔ (فوٹو: پی ایس ایل ایکس)
پاکستان سپر لیگ 11 میں حیدرآباد کنگز مین نے راولپنڈیز کو 108 رنز سے ہرا کر پلے آف مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا جس کے ساتھ ہی لاہور قلندرز پلے آف کی دوڑ سے باہر ہوگئی۔
کراچی کے نیشنل بینک سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں راولپنڈیز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔
پہلے کھیلتے ہوئے حیدر آباد کنگز مین نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹ پر 244 رنز بنائے۔ گلین میکسویل نے 37 گیندوں پر 70 رنز کی برق رفتار اننگز کھلی۔
عثمان خان 54 اور کوشال پریرا 50 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
245 رنز کے ہدف کے تعاقب میں راولپنڈیز 17.1 اوورز میں 136 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
راولپنڈیز کی جانب سے عثمان خواجہ وہ 66 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ عثمان خواجہ کے علاوہ راولپنڈیز کا کوئی بھی بلے باز کنگزمین کی بولنگ کے سامنے ٹھہر نہیں سکا۔
حیدر آباد کنگز مین کی جانب سے حنین شاہ نے 4 اور عاکف جاوید نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔ حیدرآباد کنگزمین کو پلے آف تک رسائی کے لیے راولپنڈیز کو 158 رنز تک روکنا تھا۔
حیدر آباد کنگز مین کے پلے آف میں پہنچنے کے باعث دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز ایونٹ سے باہر ہوگئی۔
