وزیرِ صحت کا مکہ کے ہسپتالوں کا دورہ، عازمین کو فراہم کی جانے والی خدمات پر اظہارِ اطمینان
کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے علاوہ ایمبولینس سروس کا بھی جائزہ لیا(فوٹو، ایس پی اے)
حج سیزن کی تیاریوں کے حوالے سے وزیر صحت فھد الجلاجل نے مکہ مکرمہ میں مختلف پسپتالوں اورصحت اداروں کے دورے کیے اورعازمین کو فراہم کی جانے والی طبی خدمات کا جائزہ لیا۔
اخبار 24 کے مطابق وزیر صحت نے اپنے وفد کے ہمراہ مکہ مکرمہ کے مرکزی علاقے میں اجیاد اور الجوار ہسپتال کے علاوہ حرمین شریفین کی دیکھ بھال کے کیے کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کا دورہ بھی کیا۔
وزیر صحت فہد الجلاجل نے نجی صحت شعبے کے تحت فراہم کی جانے والی ایمبولنس سروس کی تیاریوں کا بھی جائزہ لیا، علاوہ ازیں مکہ مکرمہ کے النور ہسپتال ، شاہ فیصل ہسپتال ، مکہ مکرمہ جنرل ہسپتال اور شاہ عبدالعزیز ہسپتال کا بھی دورہ کیا۔
وزارتِ صحت کے وفد نے شاہ عبداللہ میڈیکل سٹی کا بھی دورہ کیا، جہاں خصوصی نگہداشت کے یونٹ میں حج سیزن کے حوالے سے فراہم کی جانے والی خدمات کابھی جائزہ لیا۔
وزیرِ صحت فھد الجلاجل نے ہسپتالوں اور طبی مراکز میں حج سیزن کے حوالے سے کی گئی تیاریوں پر اپنے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ مکہ مکرمہ میں عازمین حج کو فراہم کی جانے والی معیاری صحت خدمات اولین ترجیح ہے۔