Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عدالت کا فیصلہ: کتوں سے بچنے کے لیے پورشے پر چھلانگ لگانے والا شخص نقصان کا ذمہ دار نہیں

عدالت نے ان کے حق میں فیصلہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ یقینی نہیں کہ نقصان اسی ڈرائیور کی وجہ سے ہوا۔ (فوٹو: اے ایف پی)
میونخ کی ایک عدالت نے پیر کو فیصلہ سنایا کہ ڈیلیوری بوائے جس نے کتوں سے گھبرا کر ایک پورشے کار پر چھلانگ لگا دی تھی، کو کار کو پہینچنے والے نقصان کے لیے ادائیگی کی ضرورت نہیں۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق عدالت کے بیان کے مطابق، جب وہ شخص ایک گھر پر ڈیلیوری دینے پہنچا تو وہاں سے دو ڈالمیشن اور ایک کراس بریڈ کتا باہر نکل آئے، جس پر گھبرا کر اس نے باہر کھڑی پورشے گاڑی کے بونٹ پر چھلانگ لگا دی۔
ستمبر 2024 میں میونخ کے شمال میں واقع فریسنگ میں پیش آنے والے اس واقعے سے گاڑی کے بونٹ پر خراشیں اور ڈینٹ پڑے، جن کی مالیت 2,700 یورو سے زائد بتائی گئی۔
یہ معاملہ اس وقت عدالت میں گیا جب ڈیلیوری ڈرائیور اور اس کے آجر نے مرمت کے اخراجات ادا کرنے سے انکار کر دیا۔
عدالت نے ان کے حق میں فیصلہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ یقینی نہیں کہ نقصان اسی ڈرائیور کی وجہ سے ہوا، اور یہ بھی نوٹ کیا کہ نقصان کی تصاویر واقعے کے کئی ماہ بعد لی گئی تھیں۔
عدالت نے مزید کہا کہ شکایت کنندہ کو اپنے کتوں کو قابو میں رکھنا چاہیے تھا اور اسے معلوم ہونا چاہیے تھا کہ ایک ڈیلیوری ڈرائیور آنے والا ہے۔
کار کے مالک اور ایک گواہ کے مطابق کتے ڈرائیور سے تین سے چار میٹر کے فاصلے پر تھے اور جارحانہ نہیں تھے، تاہم عدالت نے کہا کہ اس سے مالک کی اپنے پالتو جانوروں کو قابو میں رکھنے کی ذمہ داری ختم نہیں ہوتی۔
عدالت کے مطابق، کتوں کا بھونکنا اور ڈرائیور کی طرف دوڑنا اس کے لیے خوف کے باعث فرار ہونے کا ردِعمل پیدا کرنے کے لیے کافی تھا۔

شیئر: