پی ایس ایل 11: پلے آف میچز میں شائقین کو سٹیڈیم آنے کی اجازت
محسن نقوی کے مطابق حکومت کی جانب سے یہ اجازت اس شرط کے ساتھ دی گئی ہے کہ شائقین پبلک ٹرانسپورٹ کا استعمال کریں گے۔ (فوٹو: محسن نقوی ایکس)
وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 11 کے پلے آف میچز میں شائقین کو سٹیڈیم آنے کی اجازت دینے کی منظوری دے دی ہے۔
پیر کے روز وزیر داخلہ محسن نقوی نے وزیراعظم ہاؤس میں وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی۔
ملاقات کے بعد سوشل میڈیا پر جاری بیان میں محسن نقوی، جو پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین بھی ہیں، نے اعلان کیا کہ شائقین کو سٹیڈیم آنے کی اجازت وزیراعظم سے منظور کر لی گئی ہے۔
محسن نقوی کے مطابق حکومت کی جانب سے یہ اجازت اس شرط کے ساتھ دی گئی ہے کہ شائقین پبلک ٹرانسپورٹ کا استعمال کریں گے تاکہ ٹریفک اور سیکیورٹی کے مسائل سے بچا جا سکے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے پی ایس ایل پلے آف کھیلنے والی چاروں ٹیموں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔
خیال رہے کہ چند روز قبل پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے تجویز دی گئی تھی کہ پلے آف میچز میں شائقین کو سٹیڈیم آنے کی اجازت دی جائے۔
