پاکستان میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ، نئی قیمتیں کیا ہیں؟
جمعرات 30 اپریل 2026 21:16
نوٹی فیکیشن کے مطابق ’پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 6 روپے 51 پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے‘ (فائل فوٹو: روئٹرز)
پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ جاری ہے، جمعرات کو حکومت نے ایک ہفتے بعد ہی پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں مزید اضافے کا اعلان کیا۔
جمعرات کی رات پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹی فیکیشن جاری کیا گیا۔
نوٹی فیکیشن کے مطابق ’پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 6 روپے 51 پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد اس کی فی لیٹر نئی قیمت 399 روپے 86 پیسے ہو گئی ہے۔‘
اس سے قبل پیٹرول فی لیٹر 393 روپے 35 پیسے کے حساب سے فروخت ہو رہا تھا۔
اسی نوٹی فیکیشن میں بتایا گیا ہے کہ ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 19 روپے 39 پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے اور اس کی نئی قیمت 399 روپے 58 پیسے مقرر کی گئی ہے۔‘
واضح رہے کہ اس سے قبل ہائی سپیڈ ڈیزل فی لیٹر 380 روپے 19 پیسے کے حساب سے فروخت ہو رہا تھا۔
پیٹرولیم ڈویژن کے نوٹی فیکیشن میں کہا گیا ہے کہ ’پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق جمعرات اور جمعے کی درمیانی رات 12 بجے سے ہو گیا ہے اور یہ قیمتیں آئندہ ایک ہفتے کے لیے برقرار رہیں گی۔‘
حکام پیٹرولیم ڈویژن کا کہنا ہے کہ ’پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل عالمی مارکیٹ میں اُتار چڑھاؤ کو مدِنظر رکھ کر کیا گیا ہے۔‘
پیٹرولیم ڈویژن نے جمعرات کو ہی ایک بیان میں وضاحت کی ہے کہ ’یکم مئی سے پیٹرول پمپس کی بندش کی خبر میں کوئی صداقت نہیں، ملک بھر میں پیٹرولیم مصنوعات کی فراہمی کا سلسلہ جاری رہے گا۔‘
