پاکستان میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں ایک بار پھر بڑا اضافہ
نوٹی فیکیشن کے مطابق ’پیٹرول اور ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 26 روپے 77 پیسے اضافہ کیا گیا ہے‘ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان میں حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک بار پھر بڑا اضافہ کردیا ہے۔
جمعے کی رات پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کا کا نوٹی فیکیشن جاری کیا گیا۔
نوٹی فیکیشن کے مطابق ’پیٹرول اور ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 26 روپے 77 پیسے اضافہ کیا گیا ہے۔‘
اب پیٹرول کی فی لیٹر نئی قیمت 393 روپے 35 پیسے ہو گئی ہے جب کہ اس سے قبل یہ 366 روپے 58 پیسے فی لیٹر کے حساب سے فروخت ہو رہا تھا۔
ڈیزل کی نئی قیمت 380 روپے 19 پیسے مقرر کی گئی ہے جبکہ اس سے قبل یہ 353 روپے 42 پیسے فی لیٹر کے حساب سے فروخت ہو رہا تھا۔
پاکستان کے وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو علاقائی کشیدگی کے ساتھ جوڑتے ہوئے کہا ہے کہ ’عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں ایک مرتبہ پھر بڑھ رہی ہیں۔‘
جمعے کی رات ایک بیان میں انہوں ںے کہا کہ ’تیل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے دباؤ اور عالمی شراکت داروں سے معاہدوں کی وجہ سے حکومت کو اس اضافے کا بوجھ منتقل کرنے کے لیے اقدامات اٹھانا پڑ رہے ہیں۔‘
’ان حالات کے پیش نظر آئندہ ہفتے کے لیے ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 26 روپے 77 پیسے اور پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں بھی 26 روپے 77 پیسے کا اضافہ کیا جارہا ہے۔‘
علی پرویز ملک کا کہنا تھا کہ ‘جس قدر ممکن ہوا، حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی عالمی سطح پر قیمتوں میں اضافے کو برداشت کیا۔ وفاقی حکومت سمیت تمام صوبائی حکومتوں نے عوام کو تاریخی ریلیف پیکیج دیا۔‘
’دعاگو ہیں کہ جلد علاقائی امن کے حصول میں پیش رفت ہو تاکہ عوام کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ریلیف فراہم کیا جا سکے۔‘
