موٹرسائیکل سواروں اور پبلک ٹرانسپورٹ کے لیے سبسڈی میں مزید ایک ماہ کی توسیع
جمعرات 30 اپریل 2026 19:01
شہباز شریف نے ہدایت کی ہے کہ ’پبلک ٹرانسپورٹ اور مال بردار گاڑیوں کے کرایوں میں اضافے کو روکا جائے‘ (فائل فوٹو: اے پی پی)
پاکستان کی حکومت نے موٹرسائیکل سواروں اور پبلک و گڈز ٹرانسپورٹ کے لیے گذشتہ ماہ دی جانے والی سبسڈی میں مزید ایک ماہ کی توسیع کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیراعظم آفس کی جانب سے جمعرات کو جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے پیٹرولیم مصنوعات کی موجودہ قیمتوں کو مدِنظر رکھتے ہوئے معاشی طور پر کمزور طبقے کو ریلیف کی فراہمی کا سلسلہ قائم رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
’انہوں نے ہدایت کی ہے کہ پبلک ٹرانسپورٹ اور مال بردار گاڑیوں کے کرایوں میں اضافے کو روکا جائے، عوامی ریلیف کے اقدامات کی موثر نگرانی یقینی بنائی جائے تاکہ اس کے ثمرات براہِ راست مستحق افراد تک پہنچ سکیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت نے صوبائی حکومتوں کے تعاون سے مشکل حالات میں عام آدمی کے لیے اربوں روپے کا قومی ریلیف پیکیج فراہم کیا، ان حالات میں جس قدر ممکن ہو سکا عوام کو ریلیف فراہم کرتے رہیں گے۔‘
’عام آدمی کو ریلیف فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح رہے گی اور کسی بھی صورت عوام کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔ دعا ہے کی کہ خطے کی صورت حال میں جلد بہتری آئے تاکہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں استحکام آسکے۔‘
واضح رہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد پاکستان کی وفاقی حکومت نے رواں ماہ کے آغاز میں چند مخصوص حلقوں کے لیے ٹارگٹڈ سبسڈی کا اعلان کیا تھا۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا تھا کہ ’موٹرسائیکل سواروں کے لیے ہر ماہ 20 لیٹر پیٹرول پر 100 روپے فی لیٹر سبسڈی دی جائے گی جبکہ انٹرسٹی پبلک ٹرانسپورٹ کو ڈیزل پر فی لیٹر 100 روپے سبسڈی دی جائے گی۔‘
’ٹرک اور گڈز ٹرانسپورٹ کو فیول پر 70 ہزار روپے ماہانہ سبسڈی دی جائے گی جبکہ چھوٹے زمینداروں کے لیے فی ایکڑ 1500روپے سبسڈی دینے کا پروگرام بنایا گیا ہے۔‘
