’آپ مجھے نہیں توڑ سکتے‘، ٹرولز عاشقی کے ہیرو راہُل رائے کے پیھچے کیوں پڑ گئے ہیں؟
’آپ مجھے نہیں توڑ سکتے‘، ٹرولز عاشقی کے ہیرو راہُل رائے کے پیھچے کیوں پڑ گئے ہیں؟
جمعہ 1 مئی 2026 18:10
راہُل رائے کو ایک غیرمعروف سوشل میڈیا صارف کے ساتھ ریلز بنانے پر صارفین کی تنقید کا سامنا ہے (فوٹو: پنک وِلا)
90 کی دہائی کے آغاز میں فلم ’عاشقی‘ کے ریلیز ہوتے ہی ایک نئے اداکار راہُل رائے جہاں راتوں رات سٹار بنے وہیں ان کا ہیئر سٹائل بھی بہت مشہور ہوا اور نوجوان آنکھوں پر بال گرائے انہی کا انداز اپناتے دکھائی دیے۔
ایک کلاسیک میوزیکل شاہکار کے یہ ہیرو آج کل کچھ مشکلات سے دوچار ہیں جبکہ انٹرنیٹ پر ٹرولز بھی ان کے پیچھے پڑے ہوئے ہیں، جن کو اداکار کی جانب سے جواب بھی دیا گیا ہے۔
یہ معاملہ ہے کیا اور ایک ہردلعزیز اداکار کے ساتھ ایسا کیوں ہو رہا ہے اس بارے میں شوبز ویب سائٹ پنک وِلا پر رپورٹ دی گئی ہے۔
یہ معاملہ تب شروع ہوا جب سوشل میڈیا پر اچانک اسی راہُل رائے کے وہ گانے سامنے آنا شروع ہوئے جن پر انہوں نے سنہ 90 میں اداکاری تھی مگر اب کے ان کے ساتھ عاشقی کی ہیروئن کے بجائے غیرمعروف انسٹاگرام یوزر خاتون دکھائی دیتی ہیں، جن کا نام ڈاکٹر ونیتا ہے جبکہ پیچھے عاشقی فلم کے گانے ہی چلتے ہیں۔
ان ویڈیوز میں وہ مختلف لباسوں اور دکھائی دیتے ہیں جبکہ بھی خاتون ان کے ساتھ ہوتی ہیں اور گانوں پر لپسنگ کی جا رہی ہے۔
راہُل رائے ایک خاتون کے ساتھ ان پر پکچرائز ہونے والے گانوں پر ریلز بنائی ہیں (فوٹو: سینیما ایکسپریس)
جانے ان ویڈیوز میں صارفین کو ایسا کیا برا دکھائی دیا کہ ان پر تنقید شروع ہو گئی جبکہ کچھ صارفین نے تو کافی سخت جملے لکھے اور پھر بات پہنچی ٹرولنگ تک، جس کو کچھ وقت تک تو اداکار نے برداشت کیا لیکن پھر جواب دے دیا۔
خیال رہے راہُل رائے کو کچھ برس قبل برین سٹروک ہوا تھا اور وہ صحت کے مسائل سے دوچار رہے جبکہ مالی طور پر بھی مشکلات کا شکار ہوئے تھے۔
انہوں نے انسٹاگرام پر ایک پوسٹ میں ٹرولز کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ ’مجھے کچھ کیسز کی وجہ سے مالی مسائل کا سامنا ہے اور یہ آج کے نہیں بلکہ تب کے ہیں جب مجھے برین سٹروک ہوا۔‘
ان کی ویڈیوز پر سب سے بڑا اعتراض کیا جا رہا ہے کہ اتنے بڑے ایکٹر کو آخر ایسی ویڈیوز کا سہارا لینے کی کیا ضرورت ہے۔
اس کا جواب اداکار نے کچھ یوں دیا کہ ’اگر آپ میری سادگی یا جدوجہد کا مذاق اڑاتے ہیں تو اس سے میرے بارے میں کم اور آپ کے بارے میں زیادہ اظہار ہوتا ہے۔‘
انہوں نے بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ ’اگر آپ واقعی میرے بارے میں اتنے فکرمند ہیں تو کوئی حقیقی اور مہذب کام تلاش کرنے میں میری مدد کریں تاکہ میں اپنے مالی معاملات ٹھیک کر سکوں اور ادائیگیاں کر سکوں۔‘
ان کا کہنا تھا کہ وہ محنت کر کے پیسے کما رہے ہیں نہ کہ کسی کا مذاق اڑا کے اور سٹروک کے بعد ان کے لیے ضروری ہے کہ ایکٹیو رہیں۔
ان کے مطابق ’جتنی دیر ہو سکا میں کام کرنا چاہتا ہوں اس سے میرا دماغ متحرک رہتا ہے اور مقصد و ذمہ داری کا احساس ہوتا ہے کہ میں آج بھی کام کر رہا ہوں۔‘
انہوں نے ٹرولز کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’آپ مجھے تھوڑی تکلیف پہنچا سکتے ہیں مگر مجھے توڑ نہیں سکتے۔‘
اداکار کی پوسٹ کے بعد فرح خان اور سونو سود سمیت کئی مشہور شخصیات نے ان کی حمایت کی جبکہ مداح ان سے درخواست کر رہے ہیں کہ وہ اپنے منصوبوں میں اس تجربہ کار اداکار کو کام دیں۔