Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بحری ذریعہ سے عازمین کی آمد شروع، سوڈان سے پہلا قافلہ جدہ پہنچ گیا

عازمین کو بندرگاہ سے براہ راست مکہ مکرمہ میں پہنچا دیا گیا (فوٹو، ایس پی اے)
حج سیزن 2026 کا آغاز ہوتے ہی دنیا بھر سے عازمین حج کی آمد جاری ہے۔ فضائی ذریعہ سے مدینہ منورہ اور جدہ ایئرپورٹس سے عازمین کی آمد کے بعد جمعہ کے روز سوڈانی عازمین حج کا پہلہ قافلہ جدہ اسلامی بندرگاہ پر پہنچ گیا۔ 
جدہ اسلامک پورٹ پر پہنچنے والے عازمین حج کو براہ راست مکہ مکرمہ پہنچایا گیا۔
سعودی خبررساں ایجنسی’ ایس پی اے‘ کے مطابق جمہوریہ سوڈان سے بیشتر عازمین بحری ذریعے سے مملکت آتے ہیں۔ جدہ کی اسلامی بندرگاہ پر امیگریشن اینڈ پاسپورٹ کی جانب سے عازمین کے استقبال کےلیے خصوصی تیاریاں کی گئیں۔
امیگریشن اینڈ پاسپورٹ ’جوازات‘ نے عازمین کی سہولت کے لیے بندرگاہ پر خصوصی کاونٹرز کا اہتمام کیا ہے، جس کا مقصد عازمین کو تیز رفتار امیگریشن کی سہولت فراہم کی جائے۔

جوازات کی جانب سے بندرگاہ پر اضافی کاونٹرز قائم کیے گئے (فوٹو، ایس پی اے)

جوازات نے رواں حج سیزن کے حوالے سے بری ، فضائی اورسمندری ذرائع سے آنے والوں کے استقبال کے لیے جدید ترین ٹیکنالوجیزمہیا کی ہیں جبکہ امیگریشن کے عملے کو مختلف زبانوں کی تربیت بھی فراہم کی گئی ہے تاکہ عازمین سے رابطے میں انہیں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
سوڈان سے آنے والے عازمین کا کہنا تھا کہ ارض مقدس پر انکا استقبال مثالی انداز میں کیا گیا۔ جدہ پورٹ پر فراہم کی جانے والی امیگریشن خدمات کے حوالے سے بھی انکا کہنا تھا کہ ’کسی قسم کی تاخیر کا سامنا نہیں کرنا پڑا، تمام امور مثالی تھے‘۔

شیئر: