الباحہ کا حدیقہ الشمال، قدرتی حسن اور جدید سہولیات کا حسین امتزاج
الباحہ کا حدیقہ الشمال، قدرتی حسن اور جدید سہولیات کا حسین امتزاج
ہفتہ 2 مئی 2026 0:01
پارک میں 1 ہزار 133 میٹر طویل واکنگ ٹریک بھی بنایا گیا ہے (فوٹو: ایس پی اے)
الباحہ ریجن میں واقع تفریحی پارک ’حدیقہ الشمال‘ اپنی قدرتی دلکشی کے باعث علاقے کے لوگوں اور آنے والے سیاحوں میں کافی مقبول ہو رہا ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی کے مطابق یہ پارک ایک قدرتی تفریحی مقام کے طور پر پرسکون ماحول فراہم کرتا ہے، جہاں خاندان کے افراد خوشگوار وقت گزارتے ہیں۔
الباحہ میونسپلٹی کا کہنا ہے کہ پارک 26.5 ہزار مربع میٹرسے زائد رقبے پر پھیلا ہوا ہے جبکہ اس میں تقریباً 6.5 ہزار مربع میٹر اراضی پر سبزہ زار کا بندوبست کیا گیا۔
پارک میں درختوں اور پودوں کی تعداد 500 سے زائد ہے، جو اس تفریحی مقام کے قدرتی حسن میں اضافے کا باعث اور آنے والوں کو خوشگوار ماحول فراہم کرتے ہیں۔
میونسپلٹی کے مطابق پارک میں 1 ہزار 133 میٹر سے زیادہ طویل واکنگ ٹریک بنایا گیا ہے جبکہ یہاں آنے والوں کی سہولت کے لیے 45 سے زیادہ بینچوں اور 12 مقامات پر شیڈز نصب کیے گئے ہیں۔
بچوں کے کھیلنے کے لیے چار مقامات کو مخصوص کرتے ہوئے وہاں جھولے بھی فراہم کیے گئے ہیں، پارک میں ایک کھیل کا میدان بھی موجود ہے جبکہ واش رومز کی تعداد چار ہے۔ پارک کے باہر 100 کار پارکنگ کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔
پارک کے باہر 100 کار پارکنگ کی بھی بندوبست کیا گیا ہے (فوٹو: ایس پی اے)
حدیقہ الشمال میں جدید آبپاشی کا نظام موجود ہے جس میں دو پمپ اور پانی سٹور کرنے کے لیے دو ٹینک بنائے گئے ہیں جن کے ذریعے پارک کے سبزے کو برقرار رکھنے کے لیے پانی دیا جاتا ہے۔