’مارولز آف سعودی آرکسٹرا‘ کا عالمی دورہ، روم میزبانی کرے گا
پیرس، نیویارک، لندن اور ٹوکیو اور دیگر مقامات پر کنسٹرٹ ہو چکے ہیں ( فوٹو: عرب نیوز)
سعودی نیشنل آرکسٹرا گروپ ’مارولز آف سعودی آرکسٹرا‘ مملکت اور دنیا کے دیگر ملکوں کے درمیان موسیقی کے تعاون سے ایک پل بنانے کے مشن پر گامزن ہے۔
سعودی وزیر ثقافت اور میوزک کمیشن کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین شہزادہ بدر بن عبداللہ بن فرحان کی سرپرستی میں میوزک کمیشن نے اعلان کیا ہے کہ ’مارولز آف سعودی آرکسٹرا‘ کے عالمی دورے کا 11 واں پڑاو اٹلی کے دارالحکومت روم میں رواں ماہ مئی میں ہو گا۔
ایس پی اے کے مطابق اس میں عالمی شہرت یافتہ فنکار اندریا بوتشیلی بھی شرکت کریں گی۔ اس کے ساتھ سعودی نیشنٹل آکسٹرا اور کورال کے منتخب شاہکار بھی پیش کیے جائیں گے۔
’مارولز آف سعودی آرکسٹرا‘ کے عالمی دورے کا مقصد سعودی ثقافت میں شامل روایتی موسیقی اور فنون لطیفہ کو عالمی سطح پر اجاگر کرنا ہے۔ سعودی ورثے کی دھنیں دنیا کے نمایاں تھیٹرز تک پہنچائی جا چکی ہیں، جن میں پیرس، میکسیکوسٹی، نیویارک، لندن اور ٹوکیو شامل ہیں۔
بعد ازاں ریاض میں کنگ فہد کلچرل سینٹر میں کنسرٹ ہوئے۔ سڈنی اوپیرا ہاوس، پیرس کے ورسائی محل اور العلا کے مرایا تھیٹر میں عالمی سامعین کے ساتھ ثقافتی تبادلے کو فروغ دینے میں سعودی میوزک کے کردار کو اجاگر کیا گیا۔

عالمی دورے کے حوالے سے روم کا انتخاب کلاسیکل فنِ موسیقی کے حوالے سے ایک تاریخی حیثیت کی وجہ سے کیا گیا ہے۔ یہ شہر یورپ میں نمایاں ثقافتی مراکز میں شمار ہوتا ہے، جہاں سعودی نیشنل آرکسٹرا اور کورال موسیقی کے ذریعے سرحدوں سے دور مکالمے، ہم آہنگی اور ثقافتی روابط کو فروغ دینے کا پیغام پیش کیا جائے گا۔
کنسرٹ میں سعودی، اطالوی اور عالمی موسیقی کے منتخب شاہکار شامل ہوں گے جنہیں سعودی نیشنل آرکسٹرا، کورال اور اطالوی آرکسٹرا کے فنکار مشترکہ طور پر پیش کریں گے۔

اس موقع پر تین روایتی فنون جن میں ’عرضہ وادی الدواسر، فن الخطوہ اور فن ینبعاوی‘ شامل ہیں پیش کیے جائیں گے، تاکہ ایک جامع اور ہمہ جہت ثقافتی تجربے سے روشناس کرایا جاسکے جو سعودی موسیقی کی روایت کو ایک تخلیقی قالب میں پیش کرتا ہے۔
میوزک کمیشن کے سی ای او کے مطابق، روم میں کنسرٹ کا انعقاد عالمی سطح پر ثقافتی اور موسیقی کے تبادلے کو فروغ دینے، سعودی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے اور سعودی فنون کو نئے سامعین تک پہنچانے اور دنیا کے بہترین فنکاروں کے ساتپ خیالات کے تبادلے کا ایک موقع ہے۔
