Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایران کا آبنائے ہرمز پر کنٹرول نہیں: امریکی وزیرِ خزانہ

امریکی وزیرِ خزانہ سکاٹ بیسنٹ نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ ایرانیوں کا آبنائے ہرمز پر کنٹرول نہیں ہے۔
عرب نیوز کے مطابق فاکس نیوز کو دیے گئے انٹرویو کے دوران سکاٹ بیسنٹ نے کہا کہ امریکہ اس اہم آبی گزرگاہ کو کھول رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’آبنائے ہرمز پر ہمارا مکمل کنٹرول ہے۔‘ سکاٹ بیسنٹ نے کہا کہ اب وقت ہے کہ بین الاقوامی شراکت دار ایران پر دباؤ بڑھائیں۔
امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) نے پیر کے روز کہا کہ ایرانی دعووں کے باوجود کسی بھی امریکی بحری جہاز کو ایرانی میزائلوں نے نشانہ نہیں بنایا، جبکہ ایران نے دعویٰ کیا تھا کہ اس نے ایک امریکی جنگی جہاز کو پیچھے ہٹنے پر مجبور کر دیا۔
امریکی سینٹرل کمانڈ نے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر کہا کہ ’امریکی افواج پروجیکٹ فریڈم کی حمایت کر رہی ہیں اور ایرانی بندرگاہوں پر بحری ناکہ بندی کو نافذ کر رہی ہیں۔‘
بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ امریکی بحریہ کے دو گائیڈڈ میزائل ڈسٹرائرز خلیج میں داخل ہو چکے ہیں۔ سینٹ کام کے مطابق دو امریکی پرچم بردار تجارتی جہاز بھی اس آبنائے سے گزر چکے ہیں جبکہ امریکی ڈسٹرائرز خلیج میں سرگرم تھے۔
’امریکی افواج تجارتی جہاز رانی کی بحالی کے لیے سرگرمی سے مدد فراہم کر رہی ہیں۔‘
ایک سینئر ایرانی عہدیدار نے روئٹرز کو بتایا تھا کہ ایران نے ایک امریکی جنگی جہاز کو آبنائے ہرمز میں داخل ہونے سے روکنے کے لیے وارننگ فائر کیا، تاہم یہ واضح نہیں ہو سکا کہ کوئی نقصان ہوا یا نہیں۔
ایرانی میڈیا نے اس سے قبل رپورٹ کیا تھا کہ ایرانی بحریہ کی وارننگ کو نظر انداز کرنے کے بعد آبنائے ہرمز میں ایک امریکی بحری فریگیٹ کو دو میزائلوں سے نشانہ بنایا گیا۔

شیئر: