گوادر پورٹ میں مئی کا پہلا ٹرانس شپمنٹ جہاز لنگر انداز، ’گوادر کی اہمیت بڑھ رہی ہے‘
کارگو میں 13 ہزار سے زائد پیکجز شامل ہیں، جن میں زیادہ تر چینی ساختہ صنعتی آلات اور پائپس ہیں (فوٹو: پورٹ حُکام)
گوادر پورٹ میں رواں ماہ مئی کا پہلا ٹرانس شپمنٹ کارگو جہاز لنگر انداز ہو گیا ہے، جو رواں ماہ بندرگاہ پر آنے والا پہلا بڑا جہاز ہے۔
پورٹ حکام کے مطابق ایم وی شو لانگ نامی جہاز گوادر پہنچا، جو رواں ماہ بندرگاہ پر آنے والا پہلا بڑا کارگو جہاز ہے۔
میڈیا کوآرڈینیٹر گوادر پورٹ نے بتایا کہ ’اس جہاز میں 16 ہزار 77 میٹرک ٹن ٹرانس شپمنٹ کارگو موجود ہے۔‘
’کارگو میں 13 ہزار سے زائد پیکجز شامل ہیں، جن میں زیادہ تر چینی ساختہ صنعتی آلات اور پائپس ہیں۔ یہ سامان دراصل کویت کے لیے روانہ کیا گیا تھا، تاہم آبنائے ہرمز میں جاری بحری صورتحال کے باعث جہاز کو گوادر کی جانب موڑ دیا گیا۔‘
چیئرمین گوادر پورٹ نورالحق بلوچ کے مطابق ’اپریل 2026 کے دوران بھی گوادر پورٹ پر چار ٹرانس شپمنٹ جہازوں کی آمد ریکارڈ کی گئی، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ خطے میں متبادل بحری راستوں کی تلاش جاری ہے اور اس سلسلے میں گوادر کی اہمیت بڑھ رہی ہے۔‘
انہوں نے بتایا کہ ’ڈائیورٹ ہونے والے جہازوں کے لیے برتھنگ، کارگو ہینڈلنگ اور دستاویزی عمل کو تیز اور مؤثر بنایا گیا ہے، تاکہ عالمی تجارتی سرگرمیوں میں کسی قسم کی رکاوٹ نہ آئے۔‘
حکام کے مطابق گوادر پورٹ بتدریج بحیرہ عرب میں ایک اہم ٹرانس شپمنٹ حب کے طور پر ابھر رہا ہے، جو خلیجی اور علاقائی منڈیوں کے لیے محفوظ اور مؤثر متبادل راستہ فراہم کر رہا ہے۔
