سعودی عرب نے خطے میں جاری حالیہ فوجی کشیدگی پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
ایس پی اے کے مطابق وزارت خارجہ نے پیر کو رات گئے بیان میں کشیدگی کم کرنے اور تحمل سے کام لینے کی اپیل کی ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ سعودی عرب پاکستان کی ثالثی اور سفارتی کوششوں کی حمایت کرتا ہے تاکہ ایک ایسا سیاسی حل تلاش کیا جا سکے جو خطے کو مزید کشیدگی اور عدم استحکام سے بچا سکے، یہ صورتحال خطے اور نہ ہی دنیا کے مفاد میں ہے۔
وزارتِ خارجہ نے بیان میں آبنائے ہرمز میں بین الاقوامی جہاز رانی کی آزادی (فریڈم آف انٹرنیشنل میری ٹائم) کو 28 فروری سے قبل کی معمول کی حالت میں بحال کرنے کی اہمیت، جہازوں کی محفوظ اور بلا رکاوٹ آمد و رفت یقینی بنانے پر بھی زور دیا۔
علاوہ ازیں سعودی وزارت خارجہ نے متحدہ عرب امارات کی شہری اور اقتصادی تنصیبات پر ایران کے ڈرون اور میزائل حملوں اور اماراتی کمپنی کے جہاز کو نشانہ بنائے جانے کی شدید مذمت کی ہے۔
ایک بیان میں مملکت نے امارات کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔ امارات کی خود مختاری، سلامتی اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے اقدامات کی سپورٹ کی۔
بیان میں ایران پر زور دیا گیا کہ وہ حملے فوری طور پر بند کرے، بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کی پاسداری اور اچھے ہمسائیگی کے اصولوں کا احترام کرے۔