Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

روایتی دستکاری اور جدید فیشن کا امتزاج، سعودی برانڈ کی مدرستہ الدیرہ کے ساتھ شراکت داری

سعودی فیشن لیبل ھندام اور آرٹس العلا کے مدرستہ الدیرہ کے درمیان ایک نئی شراکت داری قائم ہوئی ہے جو محدود ایڈیشن کی کلیکشن سے مملکت کے قدیم ورثے کو نئے ڈیزائن میں ڈھال رہے ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق العلا کی سات ہزار سالہ انسانی تاریخ اور وہاں کے شاندار قدرتی مناظر سے متاثر یہ کلیکشن روایتی دستکاری کے ساتھ جدید فیشن کو ملا رہی ہے۔
سعودی کری ایٹیو محمد خوجہ کے ڈیزائن کردہ اور مدرسہ الدیرہ کے آرٹس ہب کے 26 سے زائد ماہر دستکاروں کی جانب سے تخلیق کی گئی یہ کلیکشن عبایا اور شرٹس کی ورائٹی فراہم کرتی ہے۔
ہر پِیس العلا کی شناخت کو ظاہر کرتا ہے جو تاریخ میں تہذیب کا گہوارا رہی ہے۔ ان میں قدیم پتھروں پر نقش و نگار سے متاثر موٹف لگائے گئے ہیں جنہیں ریجن میں ڈھونڈا جا سکتا ہے۔
ان میں جبل عکمہ کا حوالہ بھی ملتا ہے جو دادانی اور لحیانی متن کا ایک کھلا آرکائیو ہے اور اس کا تعلق قبل مسیح کے پہلے ہزار سال سے ہے۔
ان تاریخی عناصر کو مقامی پودوں اور جانوروں  جیسے مورنگا کے پودے اور عربی اوریکس کی تصویروں کے ساتھ جوڑا گیا ہے جس سے ثقافتی اور قدرتی ورثہ پہناوے کی شکل اختیار کر گیا ہے۔
مدرسہ الدیرہ العلا الجدیدہ آرٹس ڈسٹرکٹ میں واقع ہے جو اس پروجیکٹ میں مرکزی کردار ادا کر رہا ہے۔ یہ جگہ کبھی خطے کا پہلا لڑکیوں کا سکول ہوا کرتی تھی جو اب آرٹس اور ڈیزائن سینٹر بن چکا ہے جو روایتی فن پاروں کو محفوظ کرنے اور ان کے ارتقاء کے لیے مختص ہے۔

خوجہ نے کہا کہ شراکت داری میں دستکاروں کا کردار مرکزی تھا (فوٹو: ایکسپیریئنس العلا)

رائل کمیشن فار العلا کے ڈائریکٹر آف آرٹس اور کری ایٹیو انڈسٹریز حماد الحمیدان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ’العلا تخلیق اور الہام کا ذریعہ رہا ہے۔ اس کلیکشن سے اس کے وراثتی مقامات اور قدرتی نظاروں کو نئی زندگی مل گئی ہے۔‘
یہ پروجیکٹ خوجہ اور العلا کی جاری شراکت کا حصہ ہے۔ اس سے قبل 2019 میں انہوں نے العلا سے متاثر ایک کلیکشن پیش کی تھی جسے سعودی عرب کے نیشنل میوزیم میں نمائش کے لیے پیش کیا گیا تھا۔
ڈیزائنر سمجھتے ہیں کہ حالیہ شراکت داری اس رابطے کو مزید گہرا کر دے گی۔
خوجہ کہتے ہیں کہ ’میں ہمیشہ سے العلا سے بہت اچھی طرح متاثر ہوا ہوں۔ یہ ایسی جگہ ہے جہاں تاریخ زندہ رہتی ہے اور گہرے طور پر موجود رہتی ہے۔ اس کلیکشن کا مقصد یہ ہے کہ ورثہ کوئی ایسی چیز نہیں ہے جسے ہم شیشے کے پیچھے محفوظ کرتے ہیں بلکہ یہ وہ چیز ہے جو وقت کے ساتھ بڑھتی ہے، جسے ہم پہنتے ہیں اور آگے لے کر چلتے ہیں۔‘

ہر پِیس العلا کی شناخت کو ظاہر کرتا ہے جو تاریخ میں تہذیب کا گہوارا رہی ہے (فوٹو: عرب نیوز)

انہوں نے مزید کہا کہ ’اس شراکت داری میں دستکاروں کا کردار مرکزی تھا۔ ان کی معلومات، نیت اور کام نے فن پاروں میں گہرے اور مستند عنصر کو شامل کیا ہے۔‘

 

شیئر: