Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وزارتِ حج کا یونیفائیڈ نمبر، عازمین کے لیے اردو سمیت 11 زبانوں کی سہولت

سعودی وزارتِ حج و عمرہ کی ہمیشہ سے یہی کوشش رہی ہے کہ سرزمینِ حرمین میں آنے والے ربِ تعالیٰ کے مہمانوں کو ہر طرح کی سہولت فراہم کی جائے۔
مملکت کی اعلیٰ قیادت کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے وزارت نے رواں سال عازمینِ حج کی سہولت کے لیے متعدد نئی سہولیات متعارف کرائی ہیں جن میں مصنوعی ذہانت کا استعمال سرفہرست ہے۔
وزارت سے براہ راست رابطہ کیسے کریں؟
دنیا کے کونے کونے سے آنے والے عازمین کو وزارت کے ذمہ داران سے براہ راست رابطے کے دوران زبان کا مسئلہ درپیش رہتا تھا جسے حل کرنے کے لیے ماضی میں بھی وزارت نے کافی کام کیا ہے۔
اس حوالے سے حج سیزن کے دوران مسجد الحرام اور مسجد نبوی کے بیرونی صحنوں میں خصوصی کیبنز کا اہتمام کیا جاتا تھا جہاں موجود اہلکار عازمین کی شکایات نوٹ کرکے انہیں حل کرنے کی کوشش کرتے تھے۔
وزارت نے اس مسئلے کے حل کے لیے سال رواں اردو سمیت 11 اہم زبانوں میں براہ راست رابطے کے لیے یونیفائیڈ نمبر 1966 کی سہولت فراہم کی ہے۔
جاری کیے جانے والے یونیفائیڈ نمبر کے ذریعے عازمین براہ راست رابطہ کرکے اپنی دشواری، شکایات یا کسی بھی قسم کی مدد حاصل کر سکتے ہیں۔
وزارت کا کہنا ہے کہ یونیفائیڈ نمبر پر شکایات سینٹر کی سہولت ساتوں دن 24 گھنٹے کی بنیاد پر فراہم کی گئی ہے۔

 وزارت کی جانب سے اس ضمن میں اعلٰی تربیت یافتہ اہلکاروں کو شکایات سینٹر میں تعینات کیا گیا ہے جو بہترین انداز میں عازمینِ کا مسئلہ سن کر انہیں فوری طور پر متعلقہ ادارے یا سینٹر تک پہنچاتے ہیں جہاں موجود ٹیمیں فورا مسئلے کو حل کرنے کی کوشش کرتی ہیں۔
وزارت کا کہنا تھا کہ عازمین کو جس رابطے کے حوالے سے زبان کی جو رکاوٹ کا سامنا تھا اسے دور کر دیا گیا ہے تاکہ انہیں معیاری خدمات فراہم کی جائیں۔
یونیفائیڈ نمبر پر مشاعر مقدسہ (وادی منیٰ، میدان عرفات اور مزدلفہ) میں ایام حج کے دوران بھی کسی بھی مشکل صورتحال میں رابطہ کر سکتے ہیں۔

شیئر: