پاپ سٹار دعا لیپا کا سام سنگ پر مقدمہ اور ڈیڑھ کروڑ ڈالر ہرجانے کا دعویٰ، وجہ کیا بنی؟
پاپ سٹار دعا لیپا کا سام سنگ پر مقدمہ اور ڈیڑھ کروڑ ڈالر ہرجانے کا دعویٰ، وجہ کیا بنی؟
پیر 11 مئی 2026 12:03
گلوکارہ کا کہنا ہے کہ اجازت کے بغیر ٹی وی کے ڈبوں پر ان کی تصویر استعمال کی گئی (فوٹو: تھریڈز ڈاٹ کام)
برطانیہ کی پاپ سٹار دعا لیپا نے سام سنگ الیکٹرانکس کمپنی کے خلاف مقدمہ دائر کرتے ہوئے موقف اختیار کیا ہے کہ کمپنی نے اجازت کے بغیر ان کی تصویر استعمال کی اور ڈیڑھ کروڑ ہرجانہ ادا کرنے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق پاپ سٹار نے جنوبی کوریا کی بڑی کمپنی پر الزام لگایا ہے کہ اس نے اپنے ٹی وی سیٹس کی مشہوری کے لیے اجازت کے بغیر ان کی تصویر کا استعال کیا۔
مقدمے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ کمپنی نے ایک ایسی تصویر کو استعمال کیا جو کاپی رائٹس کی حامل تھی، جس سے ایسا تاثر ملتا ہے کہ وہ (دعا لیپا) پراڈکٹ کی توثیق کر رہی ہیں۔
ان کے مطابق کمپنی نے اس تصویر کے ذریعے تجارتی فائدہ حاصل کیا۔
مقدمے کے متن کے مطابق ڈبوں پر جو تصویر استعمال کی گئی وہ 2024 کی ہے اور وہ کاپی رائٹس رکھتی تھی۔
مقدمہ کیلیفورینا کی فیڈرل کورٹ میں درج کرایا گیا ہے۔
سام سنگ کمپنی کے ایک ترجمان نے اس معاملے پر تبصرہ کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک ایسے معاملات پر بات نہیں کر سکتے جو عدالت میں ہے جبکہ کمپنی کے وکلا نے بھی تبصرے کی درخواستوں کا جواب نہیں دیا۔
پاپ سٹار کی جانب سے کمپنی پر کاپی رائٹس اور ٹریڈ مارک کی خلاف ورزی کے علاوہ تشہیری حقوق کی خلاف ورزی کا بھی الزام لگایا گیا ہے۔
سام سنگ کمپنی کے ترجمان نے مقدمے سے متعلق بات کرنے سے انکار کیا (فوٹو: اے ایف پی)
ان کے وکیلوں نے مقدمے کی دستاویزات کے ساتھ سوشل میڈیا پوسٹس اور تبصروں کے سکرین شاٹس بھی منسلک کیے ہیں جن میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ٹی وی کے ڈبوں کے سامنے پاپ سٹار کی تصویر نے انہیں یہ پراڈکٹ خریدنے پر آمادہ کیا۔
ان میں ایک ایسا تبصرہ بھی شامل ہے جس میں ایک صارف نے کہا تھا کہ ’میں یہ ٹی وی صرف اس لیے خریدوں گا کیونکہ اس میں دعا لیپا موجود ہیں۔‘
گلوکارہ کی قانونی ٹیم کا کہنا ہے کہ ان کو پچھلے برس مبینہ خلاف ورزی کا علم ہوا تھا جس کے بعد انہوں نے کمپنی سے مطالبہ کیا کہ ان کی تصویر کا استعمال بند کیا جائے مگر الیکٹرانکس کمپنی ایسا نہیں کیا۔
وکلا کا مزید کہنا تھا کہ تصویر کے غیر مجاز استعمال نے دعا لیپا کی ساکھ کو نقصان پہنچایا ہے کیونکہ اس سے ایسا تاثر گیا کہ وہ ان پراڈکٹس کی حمایت کر رہی ہیں۔