کیا نیٹ فلکس سیریز کی مشہور سیریز ’منی ہائسٹ‘ کا نیا سیزن ریلیز ہونے والا ہے؟
کیا نیٹ فلکس سیریز کی مشہور سیریز ’منی ہائسٹ‘ کا نیا سیزن ریلیز ہونے والا ہے؟
منگل 12 مئی 2026 5:25
’منی ہائسٹ‘ کو دنیا بھر میں پسند کیا گیا تھا (فوٹو: نیٹفلکس)
دنیا بھر میں بے حد مقبول ہونے والی نیٹ فلکس سیریز ’لا کاسا دی پاپیل‘ یعنی ’منی ہائسٹ‘ ایک بار پھر خبروں کی زینت بن گئی ہے۔
’سن ڈے گارڈین‘ کے مطابق ’برلن سیزن ٹو‘ کی ریلیز سے قبل شائقین میں یہ سوال شدت سے گردش کر رہا ہے کہ کیا ’منی ہائسٹ سیزن 6‘ واقعی آنے والا ہے یا پھر نیٹ فلکس فرنچائز کو نئے انداز میں آگے بڑھائے گا۔
گزشتہ چند روز کے دوران سوشل میڈیا پر مداحوں کی دلچسپی اس وقت مزید بڑھ گئی جب انہیں معلوم ہوا کہ اصل ’منی ہائسٹ‘ کی کہانی کے مطابق پروفیسر اور اس کی ٹیم کی ٹائم لائن مئی 2026 تک پہنچتی ہے۔
اسی دوران نیٹ فلکس کے تازہ ٹیزر میں شامل جملہ ’دی ریولوشن نیور اینڈز‘ یعنی ’انقلاب کبھی ختم نہیں ہوتا‘ نے مداحوں کے تجسس میں مزید اضافہ کر دیا۔
نیٹ فلکس نے واضح کیا ہے کہ وہ ’منی ہائسٹ‘ کی دنیا کو مزید وسعت دے رہا ہے، تاہم ابھی تک ’سیزن 6‘ کی باضابطہ تصدیق نہیں کی گئی۔ اس کے بجائے پلیٹ فارم فرنچائز کے ’نیکسٹ فیز‘ پر کام کر رہا ہے، جو ممکنہ طور پر نئی کہانیوں اور نئے کرداروں کے ذریعے آگے بڑھے گا۔
رواں ماہ کی 10 تاریخ کو جاری کیے گئے نئے ٹیزر میں ’رائل منٹ‘ اور ’بینک آف سپین‘ ڈکیتی کے کئی مناظر دکھائے گئے، جبکہ اختتام پر ایک خفیہ سونے کی اینٹ دریافت ہونے کا منظر شامل تھا، جس نے مداحوں میں نئی قیاس آرائیوں کو جنم دیا۔
شائقین کا خیال ہے کہ آنے والی کہانی شاید سونے کی ڈکیتی کے بعد کے واقعات پر مبنی ہو یا پھر پرانی ٹیم کسی حیران کن انداز میں واپس آ جائے۔
ممکنہ ’سیزن 6‘ کی کاسٹ کے حوالے سے ابھی کوئی سرکاری اعلان سامنے نہیں آیا، تاہم ’برلن سیزن 2‘ میں پیڈرو الونسو مرکزی کردار میں واپسی کریں گے۔ اس کے علاوہ مشیل جینر، ٹرسٹان اُلووا اور بیگونیا ورگاس بھی کاسٹ کا حصہ ہوں گے۔
مداح یہ بھی چاہتے ہیں کہ اگر ’منی ہائسٹ‘ کا براہِ راست تسلسل بنایا جائے تو الوارو مورٹے ایک بار پھر ’پروفیسر‘ کے کردار میں نظر آئیں۔
ٹیزر سے یہ تاثر ملتا ہے کہ ’انقلاب کی روح‘ نئی سیریز میں بھی برقرار رکھی جائے گی، چاہے اصل اداکار شامل ہوں یا نئے چہرے۔
رپورٹس کے مطابق آنے والی کہانی میں ’برلن اینڈ دی لیڈی ود این ایرمن‘ ڈکیتی مرکزی حیثیت رکھے گی، جو ڈکیتی کی دنیا کے زیادہ خطرناک اور انتقامی پہلو کو سامنے لائے گی۔ پروڈکشن ٹیم مستقبل میں سپین سے باہر عالمی سطح پر کہانی کو وسعت دینے پر بھی غور کر رہی ہے، جہاں ڈیجیٹل کرنسی، عالمی سیاست اور بڑے مالیاتی نظام جیسے موضوعات شامل کیے جا سکتے ہیں۔
’برلن سیزن 2‘، جسے ’برلن اینڈ دی لیڈی ود این ایرمن‘ کا نام دیا گیا ہے، 15 مئی 2026 کو دنیا بھر میں نیٹ فلکس پر ریلیز ہوگا۔ یہ سیریز 190 سے زائد ممالک میں مختلف زبانوں میں ڈبنگ اور سب ٹائٹلز کے ساتھ دستیاب ہوگی۔
فی الحال ’منی ہائسٹ سیزن 6‘ کے حوالے سے حتمی اعلان سامنے نہیں آیا، تاہم تازہ ٹیزر نے یہ واضح کر دیا ہے کہ ’منی ہائسٹ‘ کی دنیا ابھی ختم نہیں ہوئی اور مداحوں کے لیے مزید حیرتیں باقی ہیں۔