چین نے امریکی وزیرِ خارجہ مارکو روبیو کو پابندی کے باوجود ملک میں داخلے کی اجازت کیسے دی؟
مارکو روبیو اب بھی چین کی پابندیوں کی فہرست میں شامل ہیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)
امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو صدر ٹرمپ کے ہمراہ منگل کو بیجنگ روانہ ہوئے، حالانکہ وہ اب بھی چین کی پابندیوں کی فہرست میں شامل ہیں۔
اے ایف پی کے مطابق یہ سفارتی رکاوٹ بظاہر اُس وقت دور ہوئی جب چین نے اُن کے نام کے چینی تلفظ میں تبدیلی کر دی۔
54 سالہ روبیو، جو پہلی بار چین کا دورہ کر رہے ہیں، سینیٹر کے دور میں چین میں انسانی حقوق کے سخت ناقد رہے۔ چین نے جواباً اُن پر دو مرتبہ پابندیاں عائد کیں، یہ ایک ایسا اقدام تھا جو عموماً امریکا اپنے مخالفین کے خلاف استعمال کرتا ہے۔
ذرائع کے مطابق صدر ٹرمپ کی جانب سے روبیو کو وزیر خارجہ نامزد کیے جانے کے بعد چین نے ایک سفارتی راستہ نکالا۔
جنوری 2025 میں عہدہ سنبھالنے سے پہلے چینی حکومت اور سرکاری میڈیا نے روبیو کے نام کے پہلے حصے 'رو' کے لیے مختلف چینی حرف استعمال کرنا شروع کر دیا۔
دو سفارتکاروں کا کہنا ہے کہ غالباً یہ تبدیلی اس لیے کی گئی تاکہ پرانے ہجے کے تحت عائد پابندیاں، جن میں چین میں داخلے پر پابندی بھی شامل تھی، نئی ہجے پر لاگو نہ ہوں۔
چینی سفارتخانے نے اس معاملے پر فوری تبصرہ نہیں کیا، جبکہ امریکی محکمہ خارجہ نے صرف اتنی تصدیق کی کہ روبیو صدر ٹرمپ کے وفد کے ساتھ چین جا رہے ہیں۔ انہیں اینڈریوز ایئر فورس بیس پر ایئر فورس ون میں سوار ہوتے بھی دیکھا گیا۔
کیوبن نژاد امریکی روبیو چین میں کمیونزم کے سخت مخالف سمجھے جاتے ہیں۔ وہ اُس قانون سازی کے اہم محرک تھے جس کے تحت امریکا نے سنکیانگ میں ایغور مسلم اقلیت سے مبینہ جبری مشقت کے معاملے پر چین پر وسیع پابندیاں عائد کیں۔ وہ ہانگ کانگ میں بیجنگ کی سخت پالیسیوں پر بھی کھل کر تنقید کرتے رہے ہیں۔
وزیر خارجہ کے طور پر اپنی توثیقی سماعت میں روبیو نے چین کو امریکا کے لیے 'غیر معمولی حریف' قرار دیا تھا۔ تاہم عہدہ سنبھالنے کے بعد انہوں نے صدر ٹرمپ کی پالیسیوں کی حمایت کی، جو چینی صدر شی جن پنگ کو اپنا دوست قرار دیتے ہیں اور انسانی حقوق کے معاملات کو نسبتاً پسِ پشت ڈال کر تجارتی تعلقات پر توجہ دے رہے ہیں۔
گزشتہ برس روبیو نے تائیوان کو اُس وقت اطمینان دلایا تھا جب انہوں نے کہا کہ ٹرمپ انتظامیہ چین کے ساتھ تجارتی معاہدے کے بدلے خودمختار جمہوری جزیرے تائیوان کے مستقبل پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔