Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وکی کوشل خود کو تندرست رکھنے کے لیے کیا غذا کھاتے ہیں؟

وکی کوشل نے ’چھاوا‘ میں کردار ادا کرنے کے لیے 25 کلو وزن بڑھایا تھا (فوٹو: انسٹاگرام)
بالی وُڈ اداکار وکی کوشل اپنی شاندار اداکاری کے ساتھ ساتھ فٹنس اور سخت ڈائٹ روٹین کی وجہ سے بھی مداحوں میں خاصے مقبول ہیں۔
’این ڈی ٹی وی‘ کے مطابق رواں برس اداکار اپنی 38ویں سالگرہ منا رہے ہیں، جو ان کے لیے اس لحاظ سے بھی خاص ہے کہ یہ ان کے بیٹے ویہان کے ساتھ پہلی سالگرہ ہے۔
فلم ’چھاوا‘ کے اداکار وکی کوشل نے حال ہی میں ایک انٹرویو میں اپنی روزمرہ خوراک اور فٹنس روٹین کے بارے میں بتایا ہے۔
ان کے مطابق وہ کسی سخت یا غیر معمولی ڈائٹ پر یقین نہیں رکھتے بلکہ سادہ، متوازن اور پروٹین سے بھرپور غذا کو ترجیح دیتے ہیں۔
وکی کوشل نے بتایا کہ ان کے دن کا آغاز انڈوں اور ٹوسٹ سے ہوتا ہے۔ دوپہر کے کھانے میں وہ ڈوسہ اور چکن کھانا پسند کرتے ہیں جبکہ رات کے کھانے میں چاول اور مچھلی ان کی پسندیدہ غذا ہے۔
اداکار کے مطابق ’انڈے، چکن اور مچھلی جسم کو ضروری پروٹین فراہم کرتے ہیں جبکہ ڈوسہ اور چاول جیسی غذائیں دن بھر توانائی برقرار رکھنے میں مدد دیتی ہیں۔‘
وکی کوشل نے مزید بتایا کہ وہ زیادہ تر گندم کی روٹی اور مقامی کھانوں کو ترجیح دیتے ہیں۔ پھلوں میں آم ان کا سب سے پسندیدہ پھل ہے جبکہ تربوز اور کیلا بھی انہیں بے حد پسند ہیں۔ سبزیوں میں بینز، بروکلی اور مشروم ان کی پسندیدہ غذاؤں میں شامل ہیں۔
اداکار نے فلم ’چھاوا‘ میں ایک طاقتور مراٹھا حکمران کا کردار ادا کرنے کے لیے 25 کلو وزن بڑھایا تھا۔
اس مقصد کے لیے انہوں نے سخت ٹریننگ اور خصوصی ڈائٹ پلان اپنایا۔ ان کے فٹنس کوچ کرس گیتھن کے مطابق وکی نے صرف ویٹ لفٹنگ ہی نہیں بلکہ برداشت اور طاقت بڑھانے کے لیے بیٹل روپ، سلج پش، ٹائر فلپس اور ہائی انٹینسٹی انٹرول ٹریننگ جیسی مشقیں بھی کیں۔
رپورٹس کے مطابق فلم کے لیے وکی کوشل نے اپنی پسندیدہ پنجابی غذاؤں کو ترک کر کے پروٹین سے بھرپور سبزی خور ڈائٹ اختیار کی۔ ان کا دن صبح چار بجے شروع ہوتا تھا اور وہ صبح چھ بجے تک ورزش شروع کر دیتے تھے۔ پری ورک آؤٹ کے طور پر وہ صرف بلیک کافی استعمال کرتے تھے۔ ان کی غذا میں سویا چنکس، پنیر، پلانٹ بیسڈ پروٹین، چقندر کی ٹکیاں اور شکر قندی شامل تھی۔
وکی کوشل کی سخت محنت، متوازن غذا اور فٹنس سے وابستگی نے انہیں فلم ’چھاوا‘ میں ایک طاقتور کردار کے لیے مکمل طور پر تیار کیا، جسے مداحوں نے بے حد پسند کیا۔

شیئر: