Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وزیراعظم شہباز شریف کا قطری ہم منصب سے رابطہ، مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے قریبی رابطے برقرار رکھنے پر اتفاق

دونوں رہنمائوں نے اعلیٰ سطح روابط باقاعدگی سے برقرار رکھنے پر اتفاق کیا (فوٹو: وزیراعظم آفس)
قطر کے وزیراعظم اور وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمٰن بن جاسم آل ثانی نے اتوار کو پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف سے ٹیلی فونک رابطہ کیا۔
وزیراعظم پاکستان کے آفیشل ایکس اکائونٹ پر دی گئی تفصیلات کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان خوشگوار ماحول میں بات چیت ہوئی جس میں خطے اور عالمی سطح پر تبدیل ہوتے ہوئے حالات پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم نے خطے میں کشیدگی کم کرنے اور امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کی قیادت میں جاری امن کوششوں کو قطر کی مضبوط حمایت اور توثیق پر قطری قیادت کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے علاقائی سفارت کاری میں قطر کے تعمیری کردار اور جاری ثالثی کوششوں کے حق میں اتفاق رائے پیدا کرنے پر بھی قطری قیادت کی تعریف کی۔
دونوں رہنماؤں نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تمام فریقین کے درمیان قریبی رابطوں اور مسلسل مکالمے کا جاری رہنا ضروری ہے۔
وزیراعظم نے قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی کے لیے نیک خواہشات پر مبنی پیغامات بھی پہنچائے اور کہا کہ وہ جلد از جلد امیر قطر کے سرکاری دورے پر اُن کی پاکستان آمد کے منتظر ہیں۔
دونوں فریقوں نے اس گفتگو کے نتائج پر عملدرآمد اور رابطوں کو جاری رکھنے کے لیے اعلیٰ سطح روابط باقاعدگی سے برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ کا مصری ہم منصب سے رابطہ
دوسری جانب پاکستان کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے آج مصر کے وزیر خارجہ بدر عبدالعاطی سے ٹیلیفون پر بات کی۔
پاکستانی دفترِ خارجہ کے مطابق دونوں رہنماؤں نے خطے کی بدلتی ہوئی صورتِ حال پر تبادلۂ خیال کیا۔ مصر کے وزیرِ خارجہ عبدالعاطی نے خطے میں امن اور استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کی مخلصانہ کوششوں کو سراہا۔

وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور مصری وزیر خارجہ بدر عبدالعاطی نے خطے کی بدلتی ہوئی صورتِ حال پر تبادلۂ خیال کیا (فائل فوٹو: پاکستانی دفترِ خارجہ)

انہوں نے پاکستان، سعودی عرب، ترکیہ اور مصر کے وزرائے خارجہ پر مشتمل علاقائی مشاورتی فورم سے متعلق امور پر بھی گفتگو کی۔
بات چیت میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے متعلق جاری روابط اور وسیع تر کثیرالجہتی سفارتی پیش رفت بھی زیر بحث آئی۔
وزیر خارجہ عبدالعاطی نے سنگاپور کے ذریعے ایرانی بحری عملے کے 20 اور پاکستانی بحری عملے کے 11 ارکان کی وطن واپسی پر پاکستان کی کامیاب انسانی معاونت کو بھی سراہا۔ یہ تمام لوگ ان بحری جہازوں پر سوار تھے جو امریکہ نے قبضے میں لیے تھے۔
دونوں فریقوں نے قریبی رابطے میں رہنے اور علاقائی و بین الاقوامی پیش رفت پر مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
وزیر خارجہ عبدالعاطی نے پاکستان کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کو مصر کے دورے کی دوبارہ دعوت دیتے ہوئے کہا کہ ’وہ باہمی مشاورت کے لیے اپنی سہولت کے مطابق جلد از جلد مصر کا دورہ کریں۔‘

 

شیئر: