قصیم کے پرندوں کے باغات ایکوٹورازم اور جنگلی حیات کے دلدادہ افراد کا مرکز
قصیم میں ایسی سینکچوریز بھی موجود ہیں جو ہزاروں مربع میٹر تک پھیلی ہوئی ہیں (فوٹو: ایس پی اے)
قصیم ریجن میں پرندوں کی افزائش کے پروجیکٹس اور اوپن برڈ گارڈنز میں نمایاں اضافہ دیکھا جا رہا ہے جو ماحولیاتی سرمایہ کاری، فیملی انٹرٹینمنٹ اور بائیوڈائیورسٹی کے تحفظ کا امتزاج ہیں۔
سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق اس ریجن میں پرندوں کے باغات تفریحی پارکوں اور نجی سینکچوریز سے لے کر مخصوص سٹورز تک پھیلے ہوئے ہیں جہاں مقامی اور نایاب پرندوں کی افزائش کی جاتی ہے۔
یہاں ایسی سینکچوریز بھی موجود ہیں جو ہزاروں مربع میٹر تک پھیلی ہوئی ہیں اور پرندوں کو قدرتی ماحول اور مسکن فراہم کرتی ہیں۔
پرندوں کے باغات فیملیز اور جنگلی حیات کے دلدادہ افراد کی پسندیدہ جگہ بنتے جا رہے ہیں۔ اسی طرح سجاوٹی پرندوں کی مارکیٹ ایک منافع بخش شعبے کے طور پر ابھر رہی ہے جو سعودی وژن 2030 کے سیاحتی اور معیار زندگی کو بہتر بنانے کے اہداف سے ہم آہنگ ہے۔
