Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پہلی افغان خاتون ذکیہ احمد نے ماؤنٹ ایورسٹ سر کر کے تاریخ رقم کر دی

افغانستان سے تعلق رکھنے والی خاتون کوہ پیما ذکیہ احمد نے دنیا کی بلند ترین چوٹی ماؤنٹ ایورسٹ سر کر کے تاریخ رقم کر دی اور وہ ایورسٹ سر کرنے والی پہلی افغان خاتون بن گئی ہیں۔
ذکیہ احمد، جنہیں ’ریور‘ کے نام سے بھی جانا جاتا ہے، نے جمعرات کی صبح نیپالی گائیڈز دوا تینزنگ شیرپا اور پھربا گیالجین شیرپا کے ہمراہ 8 ہزار 848 میٹر بلند چوٹی سر کی۔ 
الپائن کلب آف پاکستان نے اپنے بیان میں بتایا کہ ذکیہ احمد کا تعلق افغانستان سے ہے اور طالبان کی واپسی کے بعد وہ ملک چھوڑنے پر مجبور ہوئیں، بعد ازاں انہیں آسٹریلیا میں پناہ ملی۔

بیان کے مطابق ذکیہ احمد انسانی حقوق کی کارکن بھی ہیں اور ان کی یہ کامیابی نہ صرف افغانستان بلکہ جنگ اور تنازعات سے متاثرہ ممالک کی خواتین کوہ پیماؤں کے لیے بھی ایک اہم سنگ میل سمجھی جا رہی ہے۔

اس کامیابی کو خواتین، مہاجرین اور بے گھر افراد کے لیے حوصلے، عزم اور ثابت قدمی کی علامت قرار دیا جا رہا ہے۔

ماؤنٹ ایورسٹ دنیا کی بلند ترین چوٹی ہے، جو نیپال اور چین کے تبت کے سرحدی علاقے میں واقع ہے اور ہر سال دنیا بھر سے کوہ پیماؤں کو اپنی جانب متوجہ کرتی ہے۔

دوسری جانب پاکستانی کوہ پیما سلمان عتیق نے بھی جمعرات کو ماؤنٹ ایورسٹ سر کر لیا۔

الپائن کلب آف پاکستان کے مطابق سلمان عتیق کی یہ کامیابی پاکستان کی کوہ پیما برادری کے لیے ایک اہم سنگ میل ہے۔ 

انہوں نے گزشتہ برس دنیا کی آٹھویں بلند ترین چوٹی ماؤنٹ مناسلو بھی سر کی تھی۔

شیئر: