علاقائی کشیدگی پر اہم پیش رفت؛ سعودی ولی عہد، صدر ٹرمپ اور عرب رہنماؤں کا مشترکہ رابطہ
سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سنیچر کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور کئی علاقائی رہنماؤں کے ساتھ مشرق وسطیٰ کی تازہ ترین پیش رفت پر تبادلہ خیال کرنے کے لیے ایک مشترکہ فون کال میں شامل ہوئے۔
سعودی پریس ایجنسی نے رپورٹ کیا کہ اس کال میں بحرین کے بادشاہ حمد بن عیسیٰ آل خلیفہ قطری امیر تمیم بن حمد آل ثانی، متحدہ عرب امارات کے صدر محمد بن زاید آل نہیان، اردن کے بادشاہ عبداللہ دوم، مصری صدر عبدالفتاح السیسی، ترکی کے صدر رجب طیب اردگان، اور پاکستان کے آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر شامل تھے۔
ایس پی اے کے مطابق رہنماؤں نے علاقائی پیش رفت کا جائزہ لیا اور خطے میں سکیورٹی اور استحکام کو مضبوط بنانے کے لیے مسلسل مشاورت اور ہم آہنگی کی اہمیت پر زور دیا۔
شرکاء نے علاقائی رہنماؤں کے ساتھ ٹرمپ کی شمولیت کو سراہا اور پاکستان کی قیادت میں ہونے والی ثالثی کی کوششوں کے ساتھ ساتھ قطر کی سفارتی کوششوں پر بھی تبادلہ خیال کیا جن کا مقصد کشیدگی کو روکنا اور علاقائی استحکام کو فروغ دینے کے لیے ایک وسیع تر معاہدے کو آگے بڑھانا ہے۔
یہ مشترکہ کال ایک ایسے وقت میں سامنے آئی جب ہفتے کے آخر میں پاکستانی ثالثی کی کوششوں کے بعد امریکہ اور ایران مہینوں پرانے مشرق وسطیٰ کے تنازع کو ختم کرنے کے لیے ایک معاہدے کے قریب پہنچ گئے۔
