Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اب گرمی سے چُھٹکارا پانے کے لیے ایئر کنڈیشنر ساتھ لے کر گھومیں، مگر کیسے؟

اس ڈیوائس کو سمارٹ فون ایپ کے ذریعے بھی کنٹرول کیا جا سکتا ہے (فائل فوٹو: سونی)
شدید گرمی کی لہروں کے دوران ٹیکنالوجی کمپنی ’سونی‘ نے ایک منفرد اور نایاب ایئر کنڈیشنر ’ریون پاکٹ پرو پلس‘ متعارف کرا دیا ہے جو جیب میں ڈالا جا سکتا ہے۔
’فوربز‘ کے مطابق یہ ایئر کنڈیشنر گرمی سے فوری ریلیف دینے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔
یہ جدید ڈیوائس خاص طور پر ایسے افراد کے لیے بنائی گئی ہے جو سفر، دفتر یا کھلی دھوپ میں کام کے دوران ٹھنڈک محسوس کرنا چاہتے ہیں مگر ہاتھ میں پنکھا یا کوئی بڑی کولنگ ڈیوائس استعمال نہیں کرنا چاہتے۔
ریون پاکٹ پرو پلس کو کپڑوں کے اندر گردن کے پیچھے پہنا جاتا ہے۔
اس میں موجود سٹین لیس سٹیل کولنگ پینل جسم کے ساتھ لگ کر ٹھنڈک فراہم کرتا ہے جبکہ ایک خاص نیک بینڈ اسے اپنی جگہ برقرار رکھتا ہے۔ ڈیوائس کے اندر نصب سینسرز جلد کے درجہ حرارت اور ماحول کی نمی و گرمی کو مسلسل مانیٹر کرتے ہیں تاکہ استعمال کرنے والے کو محفوظ اور آرام دہ ٹھنڈک مل سکے۔
سونی کے مطابق یہ نیا ماڈل سابقہ ورژن کے مقابلے میں 20 فیصد زیادہ کولنگ فراہم کرتا ہے اور اس کا کولنگ پینل پہلے سے دو ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ٹھنڈا ہو سکتا ہے۔ کمپنی نے اس میں ایک نیا ’پاکٹ ٹیگ‘ بھی شامل کیا ہے جو بیلٹ یا بیگ کے ساتھ لگایا جا سکتا ہے۔
یہ ٹیگ ماحول کا درجہ حرارت اور نمی نوٹ کرکے وائرلیس طریقے سے ڈیوائس کو معلومات فراہم کرتا ہے تاکہ کولنگ خودکار طور پر ایڈجسٹ ہو سکے۔
اس ڈیوائس کو سمارٹ فون ایپ کے ذریعے بھی کنٹرول کیا جا سکتا ہے جس سے صارف اپنی پسند کے مطابق ٹھنڈک کی سطح تبدیل کر سکتا ہے۔ اگرچہ اس میں بٹن بھی موجود ہیں لیکن چونکہ ڈیوائس کپڑوں کے اندر ہوتی ہے اس لیے ایپ کا استعمال زیادہ آسان سمجھا جا رہا ہے۔

سونی نے اس ڈیوائس میں ہیٹنگ فیچر بھی شامل کیا ہے (فائل فوٹو: سونی)

رپورٹس کے مطابق ٹھنڈک صرف گردن کے پچھلے حصے تک محدود نہیں رہتی بلکہ پورے جسم پر اس کا اثر محسوس ہوتا ہے۔ ٹیکنالوجی ویب سائٹس نے اسے ہاتھ میں پکڑے جانے والے پنکھوں سے زیادہ مؤثر قرار دیا ہے۔
سونی نے اس ڈیوائس میں ہیٹنگ فیچر بھی شامل کیا ہے جس کے باعث اسے سردیوں میں جسم کو گرم رکھنے کے لیے بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ ’بیٹری ایک بار چارج ہونے پر قریباً 10 گھنٹے تک کام کر سکتی ہے۔‘
ریون پاکٹ پرو پلس اس وقت برطانیہ اور یورپ میں فروخت کے لیے دستیاب ہے۔ برطانیہ میں اس کی قیمت 199 پاؤنڈ جبکہ یورپ میں 229 یورو رکھی گئی ہے۔ ماہرین کے مطابق اگر یہ امریکی مارکیٹ میں متعارف ہوا تو اس کی قیمت قریباً 270 ڈالر ہو سکتی ہے۔

شیئر: