میدان عرفات میں منگل کو درجہ حرارت 45 ڈگری سینٹی گریڈ رہا
حجاج کو وقوف عرفہ کے دوران کیمپوں میں رہنے کی ہدایت کی گئی ( فوٹو: ایس پی اے)
وقوف عرفہ کے دوران منگل کو میدان عرفات میں درجہ حرارت 45 ڈگری سینٹی گریڈ، مزدلفہ اور مکہ مکرمہ میں 44 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
وزارت صحت نے حجاج پر زور دیا تھا کہ وہ وقوف عرفہ کے دوران شام چار بجے تک اپنے کیمپوں میں رہیں اور باہر نہ نکلیں تاکہ سورج کی تپش اور شدید گرمی سے بچا جا سکے۔
وزارت نے حجاج سے روانگی کے شیڈول کی پابندی، چھتری اور پانی کے استعمال پر پر بھی زور دیا۔
بیان میں پہاڑوں پر چڑھنے سے گریز، مناسک کی ادائیگی کے دوران مناسب آرام کو یقینی بنانے کو بھی کہا گیا، جس سے حجاج کو اچھی صحت اور ذہنی سکون کے ساتھ مناسک ادا کرنے میں مدد ملے گی۔
یاد رہے کہ سعودی عرب کے قومی مرکز برائے موسمیات نے سالِ رواں حج سیزن کے دوران مکہ مکرمہ اور مشاعر مقدسہ میں موسم انتہائی گرم رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔
ایام حج میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 44 سے 47 ڈگری سینٹی گریڈ اور کم سے کم 28 سے 31 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔

وزارت صحت کی جانب سے مشاعر مقدسہ میں 30 صحت مراکز قائم کیے گئے ہیں، جہاں عملہ 24 گھنٹے موجود ہوتا ہے۔
وزارت نے تین ہزار سے زائد ایمبولینس یونٹس کی سہولت فراہم کی ہے جبکہ 11 ایئر ایمبولینس بھی موجود ہیں۔
