حج کے بعد حجاج کی مدینہ آمد، اسلامی اور تاریخی مقامات کی سیر
احد پہاڑ کے علاقے اور اس کے آس پاس کے میدان میں بھی زائرین کی بڑی تعداد غزوہ احد کی جگہ دیکھنے آتی ہے (فوٹو: ایس پی اے)
حج سیزن کے اختتام کے بعد دنیا بھر سے آنے والے زائرین کی ایک بڑی تعداد مسجدِ نبوی کی زیارت کرنے کے لیے مدینہ کا رخ کرتی ہے۔
سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق عازمین اپنے اس روحانی سفر کو مکمل کرنے کے لیے پیغمبرِ اسلام کی زندگی اور اسلامی تاریخ سے جڑے ہوئے مقامات کی زیارت کرتے ہیں۔
ان سب میں مسجدِ قبا ایک اہم ترین مقام ہے جو کہ اسلام کی پہلی مسجد تھی جس کی بنیاد تقویٰ پر رکھی گئی تھی۔
یہاں روزانہ ہزاروں کی تعداد میں لوگ عبادت کرنے آتے ہیں اور اس کی تاریخی اور مذہبی اہمیت سے روشناس ہوتے ہیں۔
مسجدِ قبلتین بھی زائرین کی توجہ کا خاص مرکز بنتی ہے کیونکہ اس کی تاریخی اہمیت قبلہ کی تبدیلی سے جڑی ہوئی ہے جب نماز کا رخ مسجدِ اقصیٰ سے بدل کر مکہ کی مسجد الحرام کی طرف کر دیا گیا تھا۔

احد پہاڑ کے علاقے اور اس کے آس پاس کے میدان میں بھی زائرین کی بڑی تعداد غزوہ احد کی جگہ دیکھنے آتی ہے جبکہ احد کے شہداء کے قبرستان پر حاضری دینے اور اس جگہ سے وابستہ تاریخی واقعات کے بارے میں بھی جاننے کے لیے بھی زائرین آتے ہیں۔
زیارات کے ان پروگراموں میں مدینہ کے کئی دوسرے تاریخی مقامات بھی شامل ہیں جو اسلامی تاریخ میں اس مقدس شہر کی عظمت کو نمایاں کرتے ہیں۔
متعلقہ ادارے زائرین کی آمدروفت کو پرسکون بنانے کے لیے ایک مربوط پلان کے تحت کام کرتے ہیں جو ہجوم کو سنبھالنے، رہنمائی اور آگاہی دینے کے ساتھ ساتھ مسجدِ نبوی سے مدینہ کے اہم مقامات تک آنے جانے کے لیے ٹرانسپورٹ کی سہولیات بھی فراہم کرتے ہیں۔

حج کے بعد زائرین کا یہ رش مدینہ کی مذہبی اور تاریخی اہمیت کو ظاہر کرتا ہے جو دنیا بھر کے مسلمانوں کے دلوں میں اس کے ثقافتی ورثے اور اسلامی نشانیوں کی وجہ سے قائم ہے۔
