Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فیفا ورلڈ کپ 2026: ایڈیڈاس اور واٹس ایپ کا منفرد اشتراک، فٹبال ایموجی اب ’ٹریونڈا‘ میں تبدیل

’ٹریونڈا‘ دو الفاظ ’ٹری‘ (تین) اور ’اونڈا‘ (لہریں) سے مل کر بنا ہے (فائل فوٹو: سوشل میڈیا)
کھیلوں کا سامان تیار کرنے والی عالمی کمپنی ’ایڈیڈاس‘ اور مقبول میسجنگ پلیٹ فارم ’واٹس ایپ‘ نے فیفا ورلڈ کپ 2026 کے موقع پر ایک منفرد شراکت داری کا اعلان کیا ہے، جس کے تحت واٹس ایپ پر استعمال ہونے والا فٹبال ایموجی اب ٹورنامنٹ کے آفیشل میچ بال ’ٹریونڈا‘ کی شکل اختیار کر لے گا۔
’وٹس ایپ‘ اور ’ایڈیڈاس‘ کے ایک مشترکہ بیان کے مطابق یہ خصوصی فیچر فوری طور پر دستیاب ہے اور پورے ٹورنامنٹ کے دوران فعال رہے گا۔
بیان کے مطابق جب بھی صارفین واٹس ایپ پر فٹبال کا ایموجی استعمال کریں گے تو انہیں روایتی فٹبال کی بجائے فیفا ورلڈ کپ 2026 کے آفیشل میچ بال ’ٹریونڈا‘ کا ڈیزائن نظر آئے گا۔
اس اقدام کا مقصد دنیا بھر میں ہونے والی میسجنگ کو ورلڈ کپ کے جوش و خروش سے جوڑنا ہے۔ چاہے شائقین میچوں کی پیش گوئیاں کر رہے ہوں، گولز کا جشن منا رہے ہوں، ٹیم سلیکشن پر بحث کر رہے ہوں یا یادگار لمحات پر ردعمل دے رہے ہوں، ہر گفتگو میں ٹریونڈا نمایاں ہوگا۔
’ایڈیڈاس‘ کے جنرل منیجر فٹبال سام ہینڈی کا کہنا ہے کہ ’ٹریونڈا وہ منفرد پروڈکٹ ہے جو ورلڈ کپ کے ہر میچ، ہر گول اور ہر یادگار لمحے کا مرکز ہوگی۔‘
ان کے مطابق ’فیفا ورلڈ کپ 2026 کے دوران فٹبال سے متعلق گفتگو ریکارڈ سطح تک پہنچنے کی توقع ہے، اسی لیے واٹس ایپ کے ساتھ شراکت داری کے ذریعے ٹریونڈا کو ہر گفتگو، جشن، پیش گوئی اور مباحثے کا حصہ بنایا جا رہا ہے۔‘
دوسری جانب واٹس ایپ کی ہیڈ آف پروڈکٹ ایلس نیوٹن ریکس نے کہا کہ ’فٹبال شائقین بڑے لمحات کے دوران اپنے واٹس ایپ گروپس کا رخ کرتے ہیں۔‘
انہوں نے یاد دلایا کہ ’چار سال قبل ورلڈ کپ فائنل کے دوران واٹس ایپ پر فی سیکنڈ دو کروڑ 50 لاکھ سے زائد پیغامات بھیجے گئے تھے، جبکہ اس بار اس سے بھی زیادہ مصروفیت متوقع ہے۔‘

’ٹریونڈا‘ نام کا مطلب کیا ہے؟

’ٹریونڈا‘ دو الفاظ ’ٹری‘ (تین) اور ’اونڈا‘ (لہریں) سے مل کر بنا ہے، جو فیفا ورلڈ کپ 2026 کی تین میزبان ممالک کینیڈا، میکسیکو اور امریکہ کی نمائندگی کرتا ہے۔
اس گیند کو جدید چار پینل ڈیزائن کے ساتھ تیار کیا گیا ہے تاکہ میدان میں بہتر کارکردگی فراہم کی جا سکے۔ گیند پر سرخ، نیلے اور سبز رنگوں کا استعمال کیا گیا ہے جو تینوں میزبان ممالک کی علامت ہیں اور ایک مثلثی شکل میں آپس میں جڑتے ہیں، جو ان ممالک کے اتحاد کی عکاسی کرتے ہیں۔

’ایڈیڈاس‘ نے ورلڈ کپ 2026 میں شرکت کرنے والی 14 قومی ٹیموں کی ہوم اور اوے جرسیوں کی بھی رونمائی کی ہے (فوٹو: ایڈیڈاس)

نئی جرسیوں اور فٹبال بوٹس کی رونمائی

’ایڈیڈاس‘ نے ورلڈ کپ 2026 میں شرکت کرنے والی 14 قومی ٹیموں کی ہوم اور اوے جرسیوں کی بھی رونمائی کی ہے۔ اس کے علاوہ کمپنی نے ’روڈ ٹو گلوری‘ کے نام سے خصوصی فٹبال بوٹس کا مجموعہ بھی متعارف کرایا ہے، جس میں ایف 50 ہائپر فاسٹ ایوو شامل ہے، جسے ’ایڈیڈاس‘ کی تاریخ کا سب سے ہلکا فٹبال بوٹ قرار دیا جا رہا ہے۔
کمپنی نے شائقین کے لیے متعدد دیگر مصنوعات بھی متعارف کرائی ہیں، جن میں خصوصی جرسیز، ایڈیڈاس اوریجنلز ملبوسات، جوتے، مختلف برانڈز کے ساتھ اشتراک سے تیار کردہ مصنوعات اور یہاں تک کہ پالتو جانوروں کے لیے خصوصی کلیکشن بھی شامل ہے۔
ایڈیڈاس نے ’بیک یارڈ لیجنڈز‘ نامی ایک مہم بھی شروع کی ہے جس میں کھیل، موسیقی اور ثقافت کی دنیا کی معروف شخصیات کو شامل کیا گیا ہے تاکہ فٹبال کے آزادانہ اور تفریحی انداز کو فروغ دیا جا سکے۔
کمپنی کے مطابق واٹس ایپ صارفین نہ صرف ٹریونڈا ایموجی استعمال کر سکیں گے بلکہ واٹس ایپ کے آفیشل چینل کے 23 کروڑ سے زائد فالوورز بھی ٹورنامنٹ کے دوران خصوصی فٹبال مواد تک رسائی حاصل کر سکیں گے۔
واضح رہے کہ ٹریونڈا آفیشل میچ بال کی قیمت 160 یورو مقرر کی گئی ہے اور یہ ایڈیڈاس کے سٹورز، منتخب ریٹیلرز اور آن لائن پلیٹ فارمز پر فروخت کے لیے دستیاب ہے۔

شیئر: