کیا انڈین کرکٹر ابھیشیک شرما اور اداکارہ ماہرہ شرما ڈیٹ کر رہے ہیں؟ سوشل میڈیا پر قیاس آرائیاں
ابھیشیک شرما انڈین کرکٹ ٹیم کے اوپنر ہیں (فائل فوٹو: اے ایف پی)
انڈین کرکٹ ٹیم کے ابھرتے ہوئے سٹار اوپنر بیٹر ابھیشیک شرما ایک بار پھر خبروں کی زینت بن گئے ہیں، تاہم اس مرتبہ وجہ ان کی کرکٹ کارکردگی نہیں بلکہ اداکارہ ماہرہ شرما کے ساتھ منسوب ہونے والی افواہیں ہیں۔
سوشل میڈیا پر دونوں کی حالیہ پوسٹس نے مداحوں کے درمیان یہ سوال چھیڑ دیا ہے کہ کیا دونوں ایک دوسرے کو ڈیٹ کر رہے ہیں؟
انڈین میڈیا کے مطابق افواہوں کا آغاز اس وقت ہوا جب ماہرہ شرما نے انسٹاگرام پر اپنی چند تصاویر شیئر کیں۔ سیاہ رنگ کے ٹاپ اور جینز میں ملبوس اداکارہ نے تصاویر کے ساتھ دلچسپ کیپشن لکھا کہ ’میرے بارے میں بات کریں، مگر صرف میری خوب صورتی کے بارے میں۔‘
تاہم مداحوں کی توجہ ان کے لباس سے زیادہ ان کی کلائی میں موجود ایک مخصوص سیاہ بریسلٹ پر گئی، جس پر پلس (+) کا نشان بنا ہوا تھا۔
چند گھنٹوں بعد ابھیشیک شرما نے بھی اپنی نئی تصاویر شیئر کیں۔ بظاہر یہ تصاویر ان کے انڈین پریمئیر لیگ (آئی پی ایل) 2026 سیزن کے اختتام کے بعد کی معمول کی تصاویر تھیں، لیکن مداحوں نے فوراً نوٹ کیا کہ ان کی کلائی میں بھی بالکل ویسا ہی بریسلٹ موجود ہے جیسا ماہرہ شرما نے پہن رکھا تھا۔
بس پھر کیا تھا، سوشل میڈیا صارفین نے دونوں کے درمیان تعلقات کی قیاس آرائیوں کا سلسلہ شروع کر دیا۔ بعض مداحوں نے دعویٰ کیا کہ ابھیشیک شرما آئی پی ایل کے دوران بھی کئی میچز میں یہی بریسلٹ پہنے نظر آئے تھے، جبکہ اب ماہرہ شرما کا اسی طرز کا بریسلٹ پہننا محض اتفاق معلوم نہیں ہوتا۔
اگرچہ دونوں شخصیات کی جانب سے اس حوالے سے کوئی بیان سامنے نہیں آیا اور نہ ہی کسی قسم کی مشترکہ تصویر یا عوامی تقریب میں ان کی موجودگی دیکھی گئی ہے، لیکن سوشل میڈیا پر یہ موضوع تیزی سے زیر بحث ہے۔
ماہرہ شرما کون ہیں؟
ماہرہ شرما کا تعلق جموں و کشمیر سے ہے اور وہ انڈین ٹیلی ویژن اور پنجابی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کا معروف نام سمجھی جاتی ہیں۔ وہ ریئلٹی شو ’بگ باس 13‘ میں شرکت کے بعد خاصی مقبول ہوئیں، جبکہ ’ناگن‘ اور ’تارک مہتا کا الٹا چشمہ‘ سمیت متعدد ٹی وی پروگراموں میں بھی نظر آ چکی ہیں۔
اس کے علاوہ وہ کئی کامیاب پنجابی میوزک ویڈیوز اور فلموں کا حصہ رہ چکی ہیں۔
ابھیشیک شرما کی مصروفیات برقرار
دوسری جانب ابھیشیک شرما نے آئی پی ایل 2026 میں شاندار کارکردگی دکھانے کے بعد انڈین ٹیم میں اپنی جگہ مزید مستحکم کر لی ہے۔ وہ آئندہ دنوں میں انگلینڈ اور آئرلینڈ کے دوروں کے لیے انڈین سکواڈ کا حصہ ہوں گے۔
فی الحال ماہرہ شرما اور ابھیشیک شرما کے درمیان تعلقات کے حوالے سے کوئی مصدقہ معلومات موجود نہیں۔ تمام تر قیاس آرائیاں صرف سوشل میڈیا پوسٹس اور ایک جیسے بریسلٹس تک محدود ہیں، تاہم مداحوں کے لیے یہی اشارے ایک نئی محبت کی کہانی کے امکان کو زندہ رکھنے کے لیے کافی ثابت ہو رہے ہیں۔
