Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آبنائے ہُرمز میں ہیلی گرنے کے بعد امریکہ کے ایران پر حملے

صدر ٹرمپ نے ایران پر امریکی ہیلی کاپٹر مار گرانے کا الزام عائد کیا ( فوٹو: اے ایف پی)
امریکی فوج نے اعلان کیا ہے کہ اس نے عمان کے ساحل کے قریب ایک امریکی اپاچی ہیلی کاپٹر کے گرنے کے بعد ایران کے خلاف نئے حملے شروع کر دیے ہیں۔
عرب نیوز اور سی این این کے مطابق سوشل میڈیا پر جاری ایک بیان میں امریکی سینٹرل کمانڈ نے کہا’ یہ حملے بلا جواز ایرانی جارحیت کا ’مناسب جواب‘ ہوں گے۔‘
بعد ازاں امریکی سینٹرل کمانڈ نے بیان میں کہا ’امریکی فوج نے سلیف ڈیفینس اٹیک مکمل کرلیے، امریکی فضائیہ اور بحریہ کے لڑاکا طیاروں نے آبنائے ہرمز کے قریب ایران کے ائیر ڈیفنس، گراونڈ کنٹرول سٹیشنز اور سرویلینس راڈار سائٹس کو نشانہ بنایا۔‘
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس رد عمل کو’بہت سخت‘ اور ’بہت طاقتور‘ قرار دیا ہے۔
صدر ٹرمپ نے اے بی سی کے رپورٹر کو بتایا ’ایران نے ایک ہیلی کاپٹر مار گرایا ہے اور میرے خیال میں جواب دینا بہت ضروری ہے۔ ‘
 ایرانی پاسداران انقلاب نے بدھ کی صبح ٹیلی گرام پر ایک پوسٹ میں دعوی کیا کہ ’حملے کے جواب میں خطے میں امریکی اہداف کی جانب میزائل اور ڈورن داغے گئے ہیں، بحرین میں امریکی پانچویں بحری بیٹرے کو نشانہ بنایا گیا۔‘

ایران کے سرکاری ٹیلی ویژن کی رپورٹ میں کہا گیا کہ امریکہ نے جاسک ،سیرک اور قشم پر حملے کیے، ایک کمیونیکیشن ٹاور کو نقصان پہنچا، جنوبی ایران میں دو آبی ذخائر کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے ایکس اکاونٹ پر پوسٹ میں لکھا ’امریکہ کی جانب سے کوئی بھی حملہ ’بغیر جواب‘ نہیں جانے دے گا۔‘ 
’میدان جنگ میں اپنی شکستوں کے باوجود امریکہ نے ہمارے عزم کو آزمانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ہماری طاقتور مسلح افواج کسی بھی حملے یا خطرے کو ’بغیر جواب‘ نہیں جانے دیں گی۔‘

قبل ازیں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران پر امریکی ہیلی کاپٹر مار گرانے کا الزام عائد کیا اور کہا کہ امریکہ اس کا جواب دے گا۔
برطانوی خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق صدر ٹرمپ نے سوشل میڈیا پوسٹ پر لکھا کہ ’مجھے عظیم فوج نے اطلاع دی ہے کہ گذشتہ رات ایرانیوں نے آبنائے ہُرمز کے اوپر گشت کرنے والے ہمارے انتہائی جدید اپاچی ہیلی کاپٹر کو مار گرایا۔‘
انہوں نے اس حوالے سے مزید بتایا کہ ’ہیلی کاپٹر میں موجود دونوں امریکی پائلٹس محفوظ رہے اور انہیں کوئی چوٹ نہیں آئی، تاہم اس کے باوجود امریکہ کے لیے اس حملے کا جواب دینا ضروری ہو گا۔‘
ڈونلڈ ٹرمپ کے اس بیان نے 8 اپریل کو امریکہ اور ایران کے درمیان ہونے والی جنگ بندی کے بعد معاہدے کے امکانات کو مزید غیر یقینی بنا دیا ہے۔

پیر کو اسرائیل اور ایران نے کہا تھا کہ وہ ایک دوسرے پر حملے روک دیں گے، دونوں ممالک کی جانب سے یہ اعلان صدر ٹرمپ کی اپیل کے بعد سامنے آیا تھا۔
تاہم ایران نے خبردار کرتے ہوئے یہ بھی کہا تھا کہ اگر اسرائیل نے لبنان میں اُس کے اتحادی حزب اللہ پر حملے جاری رکھے تو وہ دوبارہ کارروائی شروع کر دے گا۔
امریکی فوج نے روئٹرز کو بتایا کہ پہلی مرتبہ امریکی بحریہ کے بغیر پائلٹ کے ایک ڈرون نے عمان کے ساحل کے قریب تباہ ہونے والے اپاچی ہیلی کاپٹر کے دونوں پائلٹس کو تلاش کر کے بچایا۔
امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) نے ایک بیان میں بتایا کہ ’اپاچی (اے ایچ 64) ہیلی کاپٹر مقامی وقت کے مطابق منگل کی صبح قریباً 3 بجے سمندر میں گرا تھا۔‘
سینٹ کام نے بیان میں کہا کہ تھا دونوں پائلٹس کو قریباً دو گھنٹوں کے اندر محفوظ طریقے سے ریسکیو کر لیا گیا اور اُن کی حالت ’مستحکم‘ ہے۔

شیئر: