Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’آنکھوں میں سما جانے والے‘ بہترین زیورات کی ریاض میں نمائش

اس نمائش میں شاندار زیورات اور اعلیٰ درجے کی دستکاری کے بہترین نمونے پیش کیے گئے (فوٹو: عرب نیوز)
ریاض کے فور سیزنز ہوٹل کے فانوسوں سے جگمگاتے ہال رواں ہفتے دنیا کے بہترین قیمتی زیورات کی نمائش سے جگمگا اٹھے۔
عرب نیوز کے مطابق جیولز آف دی ورلڈ نامی اس نمائش میں شاندار زیورات اور اعلیٰ درجے کی دستکاری کے بہترین نمونے پیش کیے گئے۔
سعودی دارالحکومت میں پانچ دن ہونے والی اس نمائش میں دنیا کے 100 سے زائد مشہور ترین جیولر اکھٹے ہوئے۔
19 جون تک جاری رہنے والی اس نمائش میں ڈی بیئرز، یوکو لندن، سکیویا، فیری فرینز، پاسکل برونی، ورنیئر، چارلس اوڈین اور ایچ آر ایچ جیولری سمیت ریجنل برینڈز جن میں الہاشمی پرلز، سلیمان المدیان فار گولڈ اینڈ جیولری اور عریج ابراہیم عبداللہ الدبئی خئی شامل ہیں۔
نمائش میں آنے والی ایک خریدار ہاجر المفصلی کہتی ہیں کہ ’یہاں کے ڈیزائن آپ کی آنکھوں میں سما جاتے ہیں۔‘
وہ کہتی ہیں کہ ’ان زیورات میں مشرقی ثقافت اور انڈین انداز کا ایک خوبصورت امتزاج دیکھنے کو ملتا ہے جو ہر ذوق اور دلکش تقریب کے لیے موزوں ہے۔‘
انہوں نے  مزید کہا کہ ’آپ کو ہر پِیس کے پیچھے نہایت صفائی اور مہارت دیکھنے کو ملتی ہے، چاہے وہ انگوٹھیاں ہوں، نازک بالیاں ہوں یا چمکتے ہوئے ہار ہوں اور یہ وینیو بہترین طریقے سے ترتیب دیا گیا ہے اور ایسے ڈیزائن کیا گیا ہے کہ ہر کونا چمکتا ہے۔‘
جیولری کی دلدادہ مریم الرویق جو اس انڈسٹری پر گہری نظر رکھتی ہیں کہتی ہیں کہ ’میں جیولری کی خبروں اور نئے ڈیزائن پر خاص نظر رکھتی ہوں۔ میں پرسکون رنگوں والی جیولری پسند کرتی ہوں جو دلکش ہو اور اس میں سادہ ڈیزائن ہوں جو اسے منفرد رنگ دیں۔‘

خریدار ہاجر المفصلی کہتی ہیں کہ ’یہاں کے ڈیزائن آپ کی آنکھوں میں سما جاتے ہیں۔‘ (فوٹو: عرب نیوز)

انہوں نے مزید کہا کہ ’مجھے ڈیزائن اور مٹیریل میں موازنہ کرنا پسند ہے اور بریسلٹ اور انگوٹھیاں میری پسندیدہ ہیں۔ پچھلے ایڈیشنز اور کولیکشنز میں جو میں نے جدید پِیس دیکھے وہ خوبصورت، سادہ اور ہر قسم کے موقع کے لیے موزوں تھے۔‘
سب سے شاندار پیِسز میں ڈی بیئرز کا فینومینا سیروکو ہائی جیولری نیکلس ہے جو ہیروں کا ایک لاجواب نمونہ ہے اور بحیرۂ روم کے جوش اور ولولے سے متاثر ہو کر بنایا گیا ہے۔
جورج حکیم اپنی فور ایلیمنٹس ہائی جیولری کلیکشن کی نمائش کر رہے ہیں جس میں زمرد، نیلم، یاقوت اور ہیروں کی نمائش کی گئی ہے۔ اس کلیکشن میں چار قیراط سے زیادہ وزنی نیلم سے سجی بالیاں اور اس کے ساتھ میچنگ بریسلٹ شامل ہیں جس میں ساڑھے 15 قیراط کے سات سیلون نیلم جڑے ہوئے ہیں۔
اطالوی جیولرز جن میں الیل اٹالیا، سکیویا اور فیری فرینزی شامل ہیں، انہوں نے بہتری یورپی دستکاری کی نمائش کروائی۔ الیل اٹالیا نے اپنی مرضی سے تبدیل ہو جانے والا برائیڈل سوٹ چوکر ہار پیش کیا جس میں زیمبیا کا زمرد جڑا تھا جبکہ سکیویا نے کولمبیا کے چمکدار قدرتی زمرد سے تیار کردہ بالیاں دکھائیں۔

چارلس اوڈن نے آرٹ ڈیکو سے متاثر گھڑیاں اور ہیروں سے سجے زیورات پیش کیے (فوٹو: عرب نیوز)

فیری فرینز نے اپنی موسم بہار اور گرمی کی کولیکشنز کی نمائش کروائی جس میں لائٹ، ٹرلی اور گیولیو شامل ہیں۔
پاسکل برونی منڈالا کولیکشن بھی نمائش کے لیے پیش کی جا رہی ہیں جن میں خوبصورت سبز رنگوں اور ان کو مخصوص انداز میں دوبارہ ڈیزائن کیا گیا ہے۔ اسی طرح  ورنیئر کا مشہور ابراسو کلیکشن اپنی لچکدار اور گھومتی ہوئی خوبصورت بناوٹ کے ساتھ پیش کیا گیا ہے۔

اس نمائش میں دنیا کے 100 سے زائد مشہور ترین جیولر اکھٹے ہوئے (فوٹو:عرب نیوز)

ایچ آر ایچ جوالری نے اپنی لُوس کلیکشن میں یورپی خوبصورتی کو عرب کی خوبصورتی کے ساتھ جوڑا ہے۔ اس کلیکشن کو بیروت کی الامین مسجد کی خوبصورت تعمیرات سے متاثر ہو کر بنایا گیا ہے جس میں شوخ رنگوں کے پتھر استعمال کیے گئے ہیں۔
یوکو لندن نے اپنے ہائی جیولری کلیکشن میں 18 قیراط سونے، تازہ پانی کے موتیوں اور ہیروں سے بنے ہاروں کی نمائش کی جبکہ پیرس کے تاریخی گھڑی ساز چارلس اوڈن نے آرٹ ڈیکو سے متاثر گھڑیاں اور ہیروں سے سجے زیورات پیش کیے جنہیں خریداروں کی پسند کے مطابق تیار کیا جاتا ہے۔

 

شیئر: