’کاک ٹیل 2‘ میں اب تک کا سب سے بولڈ کردار ادا کر رہی ہوں: کریتی سینن
کریتی سینن نے اس تاثر کو بھی مسترد کیا کہ ’کاک ٹیل 2‘ ماضی کی فلم ’کاک ٹیل‘ کا تسلسل ہے۔ (فوٹو: انسٹاگرام)
بالی وڈ اداکارہ کریتی سینن نے کہا ہے کہ ان کی نئی فلم ’کاک ٹیل 2‘ میں ان کا کردار اب تک کا سب سے مختلف اور بولڈ کردار ہوگا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کریتی سینن کا کہنا تھا کہ وہ اس فلم میں پہلے سے بالکل مختلف نظر آئیں گی اور یہ ممکنہ طور پر ان کا اب تک کا سب سے ’ہاٹ‘ کردار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہدایتکار ہومی اداجانیا کا جمالیاتی اور بصری انداز بہت منفرد ہے اور انہوں نے ان کے اندر ایک ایسا ’کول‘ پہلو اجاگر کیا ہے جس کے بارے میں وہ خود بھی آگاہ نہیں تھیں۔
کریتی سینن نے اس تاثر کو بھی مسترد کیا کہ ’کاک ٹیل 2‘ ماضی کی فلم ’کاک ٹیل‘ کا تسلسل ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ یہ فلم کسی حد تک اسی طرز اور فضا کو برقرار رکھتی ہے، تاہم اس کی کہانی اور کردار مکمل طور پر مختلف ہیں۔
یاد رہے کہ فلم ’کاک ٹیل‘ میں سیف علی خان، دپیکا پڈوکون اور ڈیانا پنٹی نے مرکزی کردار ادا کیے تھے۔
کریتی سینن کے مطابق نئی فلم کی کہانی دو لڑکیوں اور ایک لڑکے کے گرد گھومتی ہے، جس میں جذبات، دوستی، ڈرامہ، موسیقی اور خوبصورت مقامات کا امتزاج شامل ہوگا۔
فلم ’کاک ٹیل 2‘ کے ہدایتکار ہومی اداجانیا ہیں، جنہوں نے اس سے قبل بھی ’کاک ٹیل‘ کی ہدایتکاری کی تھی۔ یہ فلم اپنی کاسٹنگ اور منفرد انداز کے باعث سوشل میڈیا پر پہلے ہی خاصی توجہ حاصل کر چکی ہے۔
