Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’جی ٹی اے 6‘ کے پری آرڈرز کا اعلان، فینز کب اور کیسے گیم بُک کر سکیں گے؟

’راک سٹار‘ نے مشہور زمانہ وائس سٹی کی نئی جھلک بھی دکھائی ہے (فوٹو: جی ٹی اے)
دنیا بھر کے ویڈیو گیمرز جس لمحے کا بے صبری سے انتظار کر رہے تھے وہ آخرکار آ گیا ہے۔
معروف ویڈیو گیم ساز سٹوڈیو ’راک سٹار گیمز‘ نے باضابطہ طور پر اعلان کر دیا ہے کہ ’گرینڈ تھیفٹ آٹوز 6‘ (جی ٹی اے) کے پری آرڈرز رواں ماہ کی 25 تاریخ سے شروع ہوں گے۔
پری آرڈر کا اعلان کرنے کے موقعے پر کمپنی نے ایکس پر پہلی بار گیم کا آفیشل باکس آرٹ جاری کیا۔
اس اعلان کے ساتھ شائقین کو یہ یقین دہانی بھی کرائی گئی ہے کہ پری آرڈر کے آغاز پر گیم کی باقاعدہ قیمت کا اعلان بھی کیا جائے گا۔
’راک سٹار‘ کے مطابق ابتدائی مرحلے میں پری آرڈرز صرف ’پلے سٹیشن فائیو‘ اور ’ایکش باکس سیریز‘ کے لیے دستیاب ہوں گے۔ 25 جون سے کھلنے والے پری آرڈرز ’پلے سٹیشن سٹور‘ جیسے ڈیجیٹل سٹورز سمیت چند منتخب ریٹیلرز پر دستیاب ہوں گے۔ تاہم کمپنی نے ابھی تک ان فزیکل سٹورز کی مکمل فہرست جاری نہیں کی جہاں گیم کی ہارڈ کاپی بک کی جا سکے گی۔
گیمنگ کمیونٹی میں اس اعلان کے بعد ایک اور اہم بحث نے جنم لیا ہے۔
’وائس‘ کے مطابق ماہرین کا خیال ہے کہ پری آرڈرز کے آغاز کے فوراً بعد ’جی ٹی اے 6‘ کا تیسرا ٹریلر بھی جاری کیا جا سکتا ہے۔ اس سے قبل ٹیک ٹو انٹرایکٹو کے سی ای او اسٹراؤس زیلنک نے اشارہ دیا تھا کہ ’گیم کی بھرپور مارکیٹنگ موسمِ گرما کے آغاز کے ساتھ شروع ہوگی، جبکہ نئے ٹریلر کا اجرا بھی پری آرڈرز کے بعد متوقع ہے۔‘
ادھر ’راک سٹار گیمز‘ نے پری آرڈر پیج پر ’وائس سیٹی‘ کی ایک نئی جھلک بھی شیئر کی ہے جس نے مداحوں کو مزید پرجوش کر دیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق پری آرڈر کے موقع پر نیا ٹریلر بھی جاری کیا جا سکتا ہے (فوٹو: جی ٹی اے)

نئی تصویر میں ’وائس سٹی‘ کا وسیع نظارہ، بلند و بالا عمارتیں، بندرگاہ اور شاندار شہری ماحول دکھایا گیا ہے۔
خاص طور پر غروبِ آفتاب کے وقت شہر کا منظر انتہائی دلکش نظر آتا ہے، جہاں آسمان پر نارنجی اور جامنی رنگوں کے حسین امتزاج نے گیم کے گرافکس کی اعلیٰ کوالٹی کو نمایاں کر دیا ہے۔ شائقین کا کہنا ہے کہ یہ منظر اب تک جاری ہونے والے تمام ٹریلرز سے بھی زیادہ متاثر کن دکھائی دیتا ہے۔
واضح رہے کہ ’جی ٹی اے6‘ کو گیمنگ انڈسٹری کی تاریخ کی سب سے زیادہ متوقع گیمز میں شمار کیا جا رہا ہے، اور پری آرڈر کی تاریخ سامنے آنے کے بعد دنیا بھر میں اس کے حوالے سے جوش و خروش میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔

شیئر: