شاہ عبدالعزیز رائل ریزرو میں پہلی مرتبہ 34 نئی اقسام کے پرندوں کی نشاندہی
کنگ عبدالعزیز رائل ریزرو میں پرندوں کی اقسام کی مجموعی تعداد 225 تک پہنچ چکی ہے (فوٹو: ایس پی اے)
کنگ عبدالعزیز رائل ریزرو ڈیویلپمنٹ اتھارٹی نے 2026 کی پہلی ششماہی میں ایک اہم ماحولیاتی کامیابی کا اعلان کیا ہے۔
سعودی خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق ریزرو کی حیاتیاتی تنوع کی فہرست میں پہلی مرتبہ 34 نئی اقسام کے پرندوں کو شامل کیا گیا ہے۔
اب تک ریکارڈ شدہ پرندوں کی اقسام کی مجموعی تعداد 225 تک پہنچ چکی ہے جو پرندوں کی اقسام کی فہرست میں 15 فیصد اضافے کی عکاسی کرتی ہے۔
اتھارٹی کے مطابق یہ ماحولیاتی کامیابی فیلڈ مانیٹرنگ نظام میں مسلسل بہتری اور ریزرو میں مسلسل دیکھ بھال کے نظام کو مستحکم بنانے سے حاصل ہوئی ہے۔
اتھارٹی کے ترجمان عبدالعزیز الفریح نے کہا کہ ’پرندوں کی نئی اقسام کا اندراج صحت مندانہ اور مناسب ماحولیاتی نظام کی فراہمی کی وجہ سے ممکن ہوا ہے۔ یہ پیش رفت سعودی وژن 2030 اور سعودی گرین انیشیٹیو کے اہداف سے بھی ہم آہنگ ہے۔‘

پہلی مرتبہ ریکارڈ کیے گئے پرندوں کی مختلف اقسام میں نقل مکانی کرکے آنے والے پرندے اور نایاب موسمی مہمان پرندے شامل ہیں جو یوریشیا سے جنوبی افریقہ تک کے طویل فاصلے طے کرکے یہاں پہنچتے ہیں۔
ریکارڈ کی گئی اقسام میں آبی پرندے شامل ہیں جو ریزرو میں موجود آبی ذخائر، دلدلی اور مرطوب علاقوں کی ماحولیاتی اہمیت کو اجاگر کرتے ہیں۔

ریزرو میں اب پرندوں کی 225 اقسام کی موجودگی کو ریکارڈ کیا جاچکا ہے جو یہاں پائے جانے والے قدرتی مسکن کے تنوع کی نشاندہی کرتے ہیں۔
حالیہ مشاہدات نے ریزرو کی حیاتیاتی اہمیت کومزید اجاگر کیا ہے، سروے ٹیموں نے کئی ایسی انواع کی موجودگی بھی ریکارڈ کی ہے جو قدرتی تحفظ کے بین الاقوامی ادارے ’آئی یو سی این‘ کی ریڈ لسٹ میں شامل ہیں۔

ریڈ لسٹ میں سرِ فہرست ’افریقی گدھ‘ ہے جسے شدید خطرے سے دوچار انواع میں شمار کیا جاتا ہے جبکہ ’بیسٹرن راک بنٹنگ‘ اور ’بلیک ونگڈ پرٹینکول‘ جیسی انواع کو خطرے سے قریب تصور کیا جاتا ہے۔
ریزرو کی اہمیت صرف پرندوں کی تعداد تک محدود نہیں بلکہ یہ عالمی سطح پر تحفظ کے لیے ترجیحی حیثیت رکھنے والی نایاب جنگلی انواع کا محفوظ مسکن بھی ہے۔
