سعودی عرب اور سپین کا میچ: سعودی فینز کی اٹلانٹا میں ریلیاں
فینز قومی نغمے گا رہے تھے اور جھنڈے لے کر آفیشل فیفا زون تک جا پہنچے (فوٹو: ایس پی اے)
فیفا ورلڈ کپ 2026 کے دوسرے راؤنڈ میں سعودی عرب اور سپین کی ٹیموں کے درمیان آج کھیلے جانے والے میچ سے قبل اٹلانٹا سٹیڈیم کے اردگرد سعودی فینز کی بڑی تعداد موجود ہے۔
سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق سٹیڈیم کے اردگرد سعودی فینز بڑی تعداد میں جمع ہوئے جنہوں نے قومی ٹیم کے جھنڈے اٹھائے ہوئے تھے اور پھر ریلیوں میں مملکت سے خاص طور پر سفر کرکے آنے والے شائقین کے ساتھ ساتھ امریکہ میں مقیم سعودی طلبہ اور وہاں رہنے والے شہری بھی شامل تھے۔
فینز قومی نغمے گا رہے تھے اور جھنڈے لے کر آفیشل فیفا زون تک جا پہنچے۔
سعودی پریس ایجنسی نے کئی فینز سے بات کی جن میں خالد حبش بھی شامل تھے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ریلیاں امریکہ میں مقیم سعودی طلبہ اور شہریوں کے اندر موجود حب الوطنی کے گہرے جذبے کو ظاہر کرتی ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ملک سے باہر اپنی قومی ٹیم کو سپورٹ کرنا جہاں ایک طرف ہمارا قومی فریضہ ہے وہاں یہ دنیا کے سامنے اپنے ملک کی بہترین نمائندگی کرنے کا ایک شاندار موقع بھی ہے۔
امریکہ میں سکالرشپ پر زیرِ تعلیم ایک سعودی طالبعلم ترکی الجہانی نے بتایا کہ فینز امریکہ کے اندر سے ہزاروں کلومیٹر کا سفر کر کے ٹیم کو سپورٹ کرنے اٹلانٹا آئے ہیں۔
