سپین سے مقابلہ مشکل ہوگا لیکن ہم کوئی رِسک نہیں لیں گے: سعودی قومی ٹیم کے کوچ
سعودی قومی ٹیم کے کوچ جورجیوس ڈونس نے اٹلانٹا میں کھیلے جانے والے سپین کے خلاف میچ کو مشکل مقابلہ تسلیم کیا ہے اور اسے 2026 فیفا ورلڈ کپ کے گروپ سٹیج کے مشکل ترین مقابلوں میں سے ایک قرار دیا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق دونیس نے میچ سے قبل پریس کانفرنس میں کہا کہ ’ہمیں ایک ایسی شاندار ٹیم کے خلاف مشکل چیلنج درکار ہے جسے دنیا کی بہترین ٹیم قرار دیا جا رہا ہے۔ بطور کوچ میں میچوں کے دوران رِسک لینا پسند کرتا ہوں لیکن سپین کے خلاف میں کوئی رِسک لینے کے لیے تیار نہیں ہوں۔‘
جورجیوس ڈونس نے پہلے میچ کے بعد کھلاڑیوں پر ہونے والی تنقید کو عام بات کہا اور کہا کہ فٹبال میں ایسی چیزیں ہوتی رہتی ہیں۔
انہوں نے مداحوں اور میڈیا سے کہا کہ وہ ٹیم کو سپورٹ کرنا جاری رکھیں۔
دوسری جانب وزیرِ کھیل شہزادہ عبدالعزیز بن ترکی بن فیصل نے فیفا ورلڈ کپ 2026 میں سپین کے خلاف میچ سے قبل سعودی قومی ٹیم کی تیاریوں کے آخری مراحل کا جائزہ لیا۔
سعودی ٹیم کا فائنل ٹریننگ سیشن اٹلانٹا میں کوچ جورجیوس ڈونس کی نگرانی میں ہوا جس کے بعد آنے والے میچ سے قبل تیاری مکمل ہوگئی ہے۔
