فیفا ورلڈ کپ 2026: سپین کی 0-4 سے کامیابی، سعودی عرب کا سفر اب بھی باقی
سعودی ٹیم نے یوروگوئے کے خلاف میچ ایک ایک سے برابر کیا تھا (فوٹو الاخباریہ)
فیفا ورلڈ کپ 2026 میں اتوار کو اٹلانٹا سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے اہم میچ میں یورپی چیمپیئن سپین نے سعودی عرب کے خلاف 0-4 سے کامیابی حاصل کرلی۔
شکست کے باجود گرین فالکنز کی 2026 ورلڈ کپ کے راؤنڈ آف 32 تک پہنچنے کی امیدیں اب بھی باقی ہیں۔
سپین کے 18 سالہ سپر سٹار لامین یامال نے پہلے ہاف کے 10 ویں منٹ میں گول کر کے برتری دلائی۔ انہوں نے میکل اویار زابال کے کراس سے فائدہ اٹھایا اور گیند کو جال میں ڈال دیا۔
بعد ازاں سپین کے فارورڈ میکل اویار زابال نے یکے بعد دیگرے 21 ویں اور پھر 24 ویں منٹ میں دو گول کیے۔
اویار زابال چند سیکنڈ بعد تقریبا ہیٹ ٹرک کرنے والے تھے لیکن ایک مشکل زاویے سے ان کا شاٹ گول پوسٹ سے ٹکرا گیا۔
35 ویں منٹ میں عبداللہ العمری نے جو یوراگوئے کے خلاف گول کرنے والے ہیرو تھے سپین کی برتری کم کرنے کی کوشش کی لیکن گیند محفوظ طریقے سے گول کیپر کے پاس پہنچ گئی۔
چوتھا گول دوسرے ہاف کے دوران 48 ویں منٹ میں ہوا، مارک کو کوریلا نے کارنر لیا تاہم سعودی پلیئر حسان التمبکتی نے غلطی سے گیند اپنے ہی جال میں ڈال دی۔
دوسرے ہاف کے آخری منٹوں میں سپین کے ٹوریس نے پانچواں گول کیا تاہم ریفری نے اس گول کو آف سائیڈ قرار دیا۔

اس کامیابی کے بعد سپین گروپ ایچ میں چار پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے جبکہ سعودی عرب ایک پوائنٹ کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔ راؤنڈ آف 32 تک پہنچنے کے لیے سعودی عرب کو کیپ وردے کے خلاف آخری میچ میں فتح کے ساتھ دوسری ٹیموں کے میچز کے نتائج پر انحصار کرنا ہوگا۔
آج کھیلے جانے والے میچ کو دیکھنے کے لیے اٹلانٹا سٹیڈیم میں سعودی فینز کی بڑی تعداد موجود تھی۔ سعودی عرب کے تمام شہروں میں عوامی مقاات اور مالز میں میچ دیکھنے کے لیے بڑی سکرینیں نصب کی گئیں۔

میچ سے قبل سٹیڈیم کے اردگرد سعودی فینز بڑی تعداد میں جمع ہوئے جنہوں نے جھنڈے اٹھائے ہوئے تھے۔ بڑی تعداد میں شائقین اپنی ٹیم کی سپورٹ کے لیے میچ سے کئی گھنٹے پہلے سٹیڈیم پہنچنا شروع ہو گئے۔
علاوہ ازیں سعودی قومی ٹیم کے کوچ جورجیوس ڈونس نے اٹلانٹا میں کھیلے جانے والے سپین کے خلاف میچ کو مشکل مقابلہ تسلیم کیا اور اسے 2026 فیفا ورلڈ کپ کے گروپ سٹیج کے مشکل ترین مقابلوں میں سے ایک قرار دیا۔
میچ سے قبل پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ ’ہمیں ایک ایسی شاندار ٹیم کے خلاف مشکل چیلنج درکار ہے جسے دنیا کی بہترین ٹیم قرار دیا جا رہا ہے۔ بطور کوچ میں میچوں کے دوران رِسک لینا پسند کرتا ہوں لیکن سپین کے خلاف میں کوئی رِسک لینے کے لیے تیار نہیں ہوں۔‘
دوسری جانب وزیرِ کھیل شہزادہ عبدالعزیز بن ترکی بن فیصل نے فیفا ورلڈ کپ 2026 میں سپین کے خلاف میچ سے قبل سعودی قومی ٹیم کی تیاریوں کے آخری مراحل کا جائزہ لیا۔

سعودی ٹیم کا فائنل ٹریننگ سیشن اٹلانٹا میں کوچ جورجیوس ڈونس کی نگرانی میں ہوا جس کے بعد آنے والے میچ سے قبل تیاری مکمل ہوگئی۔
سعودی ٹیم محمد العویس ( گول کیپر)، سعود عبدالحمید، حسان التمبکتی، عبداللہ العمری، متعب الحربی، علی لاجامی، عبداللہ الخیبری، مصعب الجویر، ناصر الدوسری، سالم الدوسری (کپتان) اور فراس البریکان پر مشتمل تھی۔
