Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایران کے صدر مسعود پزشکیان ایک روزہ سرکاری دورے پر اسلام آباد میں

دورے کے دوران دونوں ممالک دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جائے گا (فوٹو: اے ایف پی)
وزیراعظم شہباز شریف کی دعوت پر ایران کے صدر مسعود پزشکیان پاکستان کے ایک روزہ سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے ہیں۔
منگل کو اسلام آباد آمد ایئر پورٹ پر صدر مسعود پزشکیان کا استقبال صدر آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف نے کیا جبکہ ان کے ساتھ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے علاوہ بلاول بھٹو زرادری اور آصفہ بھٹو زرداری بھی تھے۔
ایرانی صدر کو فضائیہ کے جی ایف 17 اور 21 توپوں کی سلامی بھی دی گئی۔
پاکستان کی وزارت خارجہ کے بیان کے مطابق ایرانی صدر مسعود پزشکیان کے ہمراہ ایک اعلیٰ سطح کا وفد بھی  ہے جس میں وزراء اور دیگر سینیئر حکام شامل ہیں۔ 
دفتر خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ایرانی صدر پزشکیان صدرِ پاکستان آصف علی زرداری سے ملاقات کریں گے اور وزیراعظم کے ساتھ دوطرفہ مذاکرات کریں گے۔
دوسری جانب اسلام آباد میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں اور ریڈ زون کو سیل کیا گیا ہے۔
چیئرمین سینیٹ، سپیکر قومی اسمبلی اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ بھی ایرانی صدر سے ملاقات کریں گے۔ ایران کے صدر کی حیثیت سے ڈاکٹر مسعود پزشکیان کا یہ پاکستان کا دوسرا دورہ ہوگا۔
دونوں ممالک دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیں گے اور تجارت، توانائی، سرحدی سلامتی، عوامی روابط اور علاقائی رابطہ کاری سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے لیے نئی راہوں کا جائزہ لیں گے۔
دورے کے دوران اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر دستخط کے بعد جاری سفارتی روابط نیز باہمی دلچسپی کے علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تبادلۂ خیال بھی کیا جائے گا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ دورہ پاکستان اور ایران کے درمیان تاریخی اور ثقافتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے مشترکہ عزم کا عکاس ہے اور خطے میں امن، استحکام اور پائیدار ترقی کے لیے دونوں ممالک کی مشترکہ خواہشات کو اجاگر کرتا ہے۔

شیئر: