پاکستانی اداکارہ کبریٰ خان کی لندن میں شرمیلا ٹیگور اور سارہ علی خان سے ملاقات
پاکستانی اداکارہ کبریٰ خان کی لندن میں شرمیلا ٹیگور اور سارہ علی خان سے ملاقات
منگل 23 جون 2026 10:00
ویڈیو میں شرمیلا ٹیگور کبریٰ خان کو میٹھا کھلاتی اور سارہ علی خان تالیاں بجاتی نظر آتی ہیں (فوٹو: سکرین شاٹ)
پاکستانی اداکارہ کبریٰ خان کی اس ویڈیو کو سوشل میڈیا پر توجہ حاصل ہو رہی ہے جس میں وہ انڈین اداکارہ شرمیلا ٹیگور اور سارہ علی خان کے ہمراہ سالگرہ منا رہی ہیں۔
شوبز انسٹاگرام ہینڈل گیلیکسی لالی وڈ کی جانب سے شیئر کی گئی ویڈیو میں کبریٰ خان کسی ریستوران میں شرمیلا ٹیگور اور سارہ علی خان کے ساتھ موجود ہیں جس کے بیک گراؤنڈ میں ’آنکھیں تری کتنی حسین‘ گانا چل رہا ہے۔
ویڈیو میں تمام افراد خوش دکھائی دے رہے ہیں اور ایک موقعے پر شرمیلا ٹیگور باؤل سے چمچ کی مدد سے سویٹ نکال کر کبریٰ خان کو پیش کرتی ہیں جسے وہ خوشی سے قبول کرتی ہیں جبکہ اس دوران سارہ علی خان کو اس مںظر سے لطف اندوز ہوتے اور تالیاں بجاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
اس ویڈیو کے سامنے آنے کے بعد اسے پاکستان کے ساتھ ساتھ انڈیا بلکہ دوسرے ممالک میں بھی پذیرائی مل رہی ہے۔
زیادہ تر فینز اس کو ایک یادگار لمحہ قرار دے رہے ہیں اور شرمیلا ٹیگور کی پیشکش اور کبریٰ خان کے عاجزانہ انداز کو سراہ رہے ہیں۔
کچھ صارفین نے اپنے تبصروں میں اندازہ لگایا کہ سینیئر انڈین اداکارہ کی جانب سے کبریٰ خان کو جو محبت ملی ہے اس کی وجہ ان کا ’ڈاکٹر بہو‘ میں نبھایا گیا کردار ہے۔
اریشبا علی نامی صارف نے اپنے تبصرے میں لکھا کہ ’دیکھیں ذرا کبریٰ خان سارہ علی خان سے زیادہ خوبصورت لگ رہی ہیں۔‘
زیادہ تر صارفین نے کبریٰ خان کو سالگرہ کی مبارک باد بھی دی اور شرمیلا ٹیگور کی جانب سے میٹھا پیش کرنے کو ’میٹھا لمحہ‘ قرار دیا۔
انڈیا سے تعلق رکھنے والے زیادہ تر صارفین نے اپنے کمنٹس میں کبری خان کے نئے ڈرائے ’ڈاکٹر بہو‘ کو ذکر بھی کیا اور کہا کہ اس کو وہاں بہت پسند کیا جا رہا ہے۔
سیفینز نام کے ہینڈل سے دعویٰ کیا گیا کہ شرمیلا ٹیگور کو ’ڈاکٹر بہو‘ بہت زیادہ پسند آیا ہے اور وہ ان کی فین ہو گئی ہیں اسی وجہ سے ہی انہوں نے کبریٰ خان سے ملاقات کی ہے۔‘
انٹرنیٹ صارفین نے کمنٹس میں بار بار کبریٰ خان کے ڈرامے ‘ڈاکٹر بہو‘ کا حوالہ بھی دیا (فوٹو: شوبز نیوز)
سویزیم نام کے صارف نے شرمیلا ٹیگور کی ایک اور ماضی کی اداکارہ سے مشابہت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے لکھا کہ ’مجھے لگا کہ یہ جیا بچن ہیں۔‘
شرمیلا ٹیگور ماضی کی مشہور اداکارہ ہیں جو اداکار سیف علی خان کی والدہ اور سارہ علی خان کی دادی ہیں۔
کبریٰ خان پہلے بھی کافی ڈراموں میں کام کر چکی ہیں اور آج کل ان کا ڈرامہ ’ڈاکٹر بہو‘ آن ایئر ہے جو ایک ایسی خاتون کی کہانی ہے جو اپنے کیریئر کو قدامت پسند خاندان کے درمیان رہتے ہوئے آگے بڑھانے کی کوشش کر رہی ہیں۔